پشاور،خیبرپختونخوا کے تمام تعلیمی بورڈز کے ملازمین نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے بعد اپنی ہڑتال ختم کرنے کااعلان کردیا

جب تک تمام متعلقہ افراد اورسٹیک ہولڈر ز خاص طورپر بورڈ زکے ملازمین کو اعتماد میں نہ لیا جائے اور ان کی مشکلات کا ازالہ نہ کیا جائے اس بل کو کسی صورت بھی اسمبلی میں پیش نہیں کیاجائے گا ،سپیکر کی ملازمین کو یقین دہانی

منگل 17 اپریل 2018 21:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) خیبرپختونخوا کے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ملازمین نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے بعد اپنی ہڑتال ختم کرنے کااعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان مذکورہ ملازمین نے سپیکرصوبائی اسمبلی اسد قیصر سے پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر تمام بی آئی ایس ایز کے صدور اورملازمین کے نمائندوںنے تنظیم نو (ری سٹرکچرنگ) کے لئے مجوزہ بل کے بارے میں اپنے تحفظات سے متعلق سپیکر کو تفصیلی طورپر آگاہ کیا جس پر سپیکر نے انہیں یقین دلایا کہ جب تک تمام متعلقہ افراد اورسٹیک ہولڈر ز خاص طورپر بورڈ زکے ملازمین کو اعتماد میں نہ لیا جائے اور ان کی مشکلات کا ازالہ نہ کیا جائے اس بل کو کسی صورت بھی اسمبلی میں پیش نہیں کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

ان بورڈز کے ملازمین کے نمائندوں نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو مطلع کیا کہ مجوزہ بل جلدی میںبنایا گیا ہے اور اساتذہ ،والدین، طلباء اور نہ ہی ملازمین کو اعتماد میںلیاگیا۔یہی وجہ ہے کہ مجوزہ ری سٹرکچرنگ سے ان بورڈوں کی خودمختاری بری طرح متاثر ہوگی۔ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے انہیں غور سے سنا اور یقین دلایا کہ اس وقت تک کوئی بل پیش نہیںکیا جائیگاجب تک کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشکلات مناسب طورپر حل نہیں کی جائیں۔

انہوںنے کہا کہ عام حالات میں ایسے بل جائزہ کے لئے سلیکٹیڈ کمیٹی کو بھیج دیئے جاتے ہیں اورپھر اسمبلی میںپیش کیے جاتے ہیں۔ایسا اس لیے کیاجاتا ہے کہ لیجسلیشن کامناسب معائنہ کیاجائے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشکلات کو حل کیا جاسکے ۔تاہم اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ کیس میںامتحانات کی تاریخ کا اعلان ہوچکاہے اسلئے انہوںنے یقین دلایا کہ ملازمین کی شکایات کاحل پہلے نکالاجائے گااور پھر اُن کی قسمت کا فیصلہ کیاجائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ چونکہ موجودہ اسمبلی کادور تقریباًختم ہونے والا ہے تاہم مستقبل کی اسمبلی میںبھی ان کی شکایات کا بھر پور خیال رکھا جائے گا۔ تمام بورڈوں کے ملازمین نے سپیکر اسد قیصرکے جذبے کی تعریف کی اور اپنی ہڑتال کے خاتمہ کااعلان کیا۔