ہزارہ یونیورسٹی ملازمین کا مطالبات کے حق میں وی سی آفس کے سامنے احتجاج، ملازمین کا تمام شعبوں میں ہڑتال کا اعلان

بدھ 18 اپریل 2018 13:54

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ملازمین نے مطالبات کے حق میں وائس چانسلر آفس کے سامنے احتجاج کیا، ملازمین نے ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ گذشتہ روز ہزارہ یونیورسٹی کے گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین نے ایمپلائز یونین کے نمائندوں انتخاب عالم خان اور معظم خان کی قیادت میں وی سی آفس کے سامنے دھرنا دے کر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ملازمین کی پروموشن، سروس سٹرکچر کے قیام اور دیگر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ ایمپلائز یونین کے نمائندوں کے مطالبات پورے ہونے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ اس سلسلہ میں ہزارہ یونیورسٹی کے ترجمان محمد سجاد نے اپنے موقف میں کہا کہ گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کے جو حقوق یونیورسٹی رولز میں موجود ہیں، پر کام ہو رہا ہے، ان پر کام پائپ لائن میں ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ خود بھی دلچسپی لے رہی ہے، جلد ہی یہ مسائل حل ہو جائیں گے، ملازمین تسلی رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے میں یہ چھوٹے چھوٹے مسائل لگے رہتے ہیں اور ساتھ ساتھ بہتری آتی رہتی ہے۔

متعلقہ عنوان :