معروف ماہرِ تعلیم و سکالر ڈاکٹر جاوید غنی کا پی آئی ٹی بی میں Thriving in the Age of AI کے عنوان سے معلوماتی لیکچر

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 22 ستمبر 2025 14:28

معروف ماہرِ تعلیم و سکالر ڈاکٹر جاوید غنی کا پی آئی ٹی بی میں Thriving in ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیرِاہتمام "Thriving in the Age of AI" کے عنوان سے معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں پرو وائس چانسلر غزالی یونیورسٹی اور سابق پروفیسر و ڈین لمز ڈاکٹر جاوید غنی نے اپنی گفتگو میں پروفیشنلزم، دانشمندی اور قیادت کے حوالے سے انڈسٹری کے تجربات اور سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی فراہم کی۔

ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ اس سیشن میں پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کے ساتھ ڈائریکٹر جنرلز، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء کی شمولیت نے اس عزم کو اجاگر کیا کہ ادارہ نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہا ہے بلکہ پیشہ ورانہ ترقی اور بصیرت کو بھی فروغ دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنی گفتگو میں ڈاکٹر جاوید غنی کا کہنا تھا کہ آج کے مصنوعی ذہانت کے دور میں صرف تکنیکی مہارت کافی نہیں ہے بلکہ پیشہ ور افراد کو دیانتداری، ٹیم ورک، تخلیقی صلاحیت، جذباتی ذہانت اور ہمدردی جیسی خوبیوں کو بھی اپنانا ہو گا تاکہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں کامیاب ہو سکیں۔ اس موقع پر پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی جوں جوں ترقی کر رہی ہے، ہمیں ہمدردی، تعاون اور اخلاقی قیادت جیسے اوصاف کو مزید پروان چڑھانا ہوگا تاکہ ہم اس تبدیلی کا مثبت حصہ بن سکیں۔