کشمیری نوجوان آزادی کی قیمت خون سے چکا رہے ہیں‘ لطف الرحمان

حکمران نااہلی چھپانے کیلئے کبھی عالمی ایجنڈے ‘ کبھی اقوام متحدہ کے نام پر ڈارامہ رچارہے ہیں

بدھ 18 اپریل 2018 15:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی صدر ڈاکٹر لطف الرحمان نے کہا ہے کہ وادی کشمیر نوجوانوںکے خون سے رنگین ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں موت کا راج اور آزادی کی جنگ جاری ہے۔ نوجوان آزادی کی قیمت اپنے نایاب خون سے چکا رہے ہیں۔ ریاستی عوام کی قربانیاں رنگ لائینگی اور کشمیر بہت جلد آزادہو گا۔

گزشتہ رو ز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت کی کمزورپالیسی کے باعث مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو رہا ہے ۔ آزادکشمیر کی حکومت بھی کردار ادا نہیں کررہی۔ حکمران اپنی نااہلی چھپانے کیلئے کبھی عالمی ایجنڈا اور کبھی اقوام متحدہ کے نام پر ڈارامہ رچارہے ہیں۔ یہ کفار کے ظلم کی شکایت یہودیوں سے کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھلا یہودی بھی کبھی مسلمانوں کے مخلص ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ محمدبن قاسم ایک مسلمان عورت کی پکار پر اٹھ سکتا ہے کیونکہ اس میں جذبہ ایمانی تھا۔ آج کفار ہماری بہنوں ‘ بیٹیوں اور نوجوانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیںاور ہمارے حکمران نام نہاد مسلمانی کا ڈھنڈھورا میڈیا میں پیٹ رہے ہیںعملاً ان کا کردار صفر ہے۔ نئی نسل کو روٹی ‘کپڑا اور مکان کے چکرمیں ڈال رکھا ہے ۔ اگر ہم نے اپنی روش نہ بدلی تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی با ت کرنے والے بتائیں کہ کس ملک نے ان حکمرانوںکی حمایت کی یہ صرف کشمیراور پاکستان کے اپنے لوگوں کو بے وقوف بنا نے کی کوشش کررہے ہیں۔حکمران اس بارے میں بھی کبھی سوچیں کہ اللہ کے سامنے کیا جواب دینگے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔ انشاء اللہ ان کو آزادی ملے گی۔

متعلقہ عنوان :