نگران وزیراعظم کی نامزدگی ایک سیاسی معاملہ ہے، پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو اس حوالہ سے اتفاق رائے کیلئے بھرپور کوشش کرنی چاہئے، سینیٹر میاں رضا ربانی

بدھ 18 اپریل 2018 17:09

نگران وزیراعظم کی نامزدگی ایک سیاسی معاملہ ہے، پارلیمنٹ اور سیاسی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) سابق چیئرمین سینٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیّد خورشید احمد شاہ پر زور دیا ہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے نام پر اتفاق کریں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ناموں کی فہرست بھجوانے سے اجتناب کریں۔

(جاری ہے)

بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کی نامزدگی ایک سیاسی معاملہ ہے اور پارلیمنٹ اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس حوالہ سے اتفاق رائے کیلئے بھرپور کوشش کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم اور ان کی حکومت کا کام ریاست کے روزانہ کے امور چلانا ہوتا ہے، وہ کوئی دور رس پالیسی یا معاشی فیصلے نہیں کر سکتے جن کی پابندی آئندہ حکومتوں کیلئے لازم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کا عمل ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کو یقینی بنانا چاہئے کہ نگران حکومت آئین کے تحت اپنے دائرہ کار تک محدود رہے۔