لندن، تارکین وطن کشمیریوں کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 18 اپریل 2018 17:32

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) لندن میں مقیم کشمیری تارکین وطن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف پارلیمنٹ سکائیرکے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نریندر مودی دولت مشترکہ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے لند ن پہنچے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میںجاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف نعرے لگائے اور جموںخطے کے ضلع کٹھوعہ میں بے حرمتی اور قتل کا نشانہ بننے والی کم سن آصفہ کے اہلخانہ کو فوری طور پر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کا مطالبہ کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق،محمد یاسین ملک ، آسیہ اندرابی اور زمرودہ حبیب نے مظاہرین سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تقاریر کیں۔ اس موقع پر سڑک کنارے ایک گول میز کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جس کے مقررین نے تنازعہ کشمیر کے مختلف پہلوئوں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر روشنی ڈالی۔