مقبوضہ کشمیر، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا شہید ایس حمیدکو خراج عقیدت

بدھ 18 اپریل 2018 17:32

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںکشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے شہید ایس حمید کو اُن کی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ بھارتی فوجیوں نے ایس حمید کو 18اپریل1998کو صورہ سرینگر میں واقع اپنی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے دوران حراست شدید جسمانی تشدد کے ذریعے شہید کر دیا تھا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا گیا کہ شہید ایس حمیدآزادی کی علامت تھے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

بیان میں کہا گیا کہ شہید ایس حمید جیسے عظیم شہداء نے اپنے خون سے آزادی کا عنوان رقم کر رکھا ہے اور کشمیر ی عوام اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اُس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر سطح پر جد و جہد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

بیان میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی کے اطراف و اکناف میں طلبہ پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیاکہ نئی دلی اور اس کے گماشتوں کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ قتل وغارت اور ظلم وتشدد کے بل پر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیںجاسکتا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ طالب علموں کے مظاہرے اس بات کا واضح اعلان ہیں کہ تحریک آزادی کامیابی کے ساتھ نئی نسل میں منتقل ہوگئی ہے لہذا بھارت نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے کشمیر کے حوالے اپنی غیر حقیقت پسندانہ پالیسی ترک کرے۔ دریں اثنا شہید ایس حمید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار شہید سرینگر پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں شبیر احمد ڈار، امتیاز ریشی، محمد اقبال میر، جاوید احمد میر، بشیر احمد طوطا، ،حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش ، غلام محمد میر، گلام قادر راہ ، سلیم زرگر، طہور صدیقی ، رئوف کشمیری ، اعجاز احمد، مختار احمد صوفی ، غازی جاوید بابا اور دیگر حریت رہنما اور کارکن موجود تھے ۔

حریت رہنمائوں نے اس موقع پر ایس حمید وانی اور دیگر کشمیر ی شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری کٹھوعہ کی کم سن آصفہ کی آبروریزی اور قتل میں ملوث مجرموں کو سخت سے سخت سزا ملنے تک اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔