مقبوضہ کشمیر میں قتل ہونیوالی ننھی آصفہ کا واقعہ عالمی برادری کے ضمیر کو چیخ چیخ کر جھنجھوڑ رہا ہے،

بھارتی انتہا پسندوں سے اب معصوم کلیاں بھی محفوظ نہیں رہیں، انڈین انتہاء پسند انسانیت کی تمام حدیں پھلانگ چکے ہیں مظفرآباد کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت زاہد خان کی بات چیت

بدھ 18 اپریل 2018 18:17

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) معروف کاروباری سماجی شخصیت زاہد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل ہونیوالی ننھی آصفہ کا واقعہ عالمی برادری کے ضمیر کو چیخ چیخ کر جھنجھوڑ رہا ہے، بھارتی انتہا پسندوں سے اب معصوم کلیاں بھی محفوظ نہیں رہیں، انڈین انتہاء پسند انسانیت کی تمام حدیں پھلانگ چکے ہیں، ایسے وقت پر بھی اگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے چپ کا روزہ نہ توڑا تو دنیا میں قیام امن ایک خواب کی صورت اختیار کر جائے گا، گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے کے لیے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کیے مگر بھارت کا جدید اسلحہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کے سامنے ناکام رہا، بھارت اسی لیے ایل او سی پر بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کرتا ہے کہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹائی جا سکے، مگر عالمی برادری بھارت کی مکاریوں کو سمجھ چکی ہے، حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں ایک ننھی کلی آصفہ کے ساتھ جنسی درندگی اور اس کے قتل نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ننھی آصفہ کی روح چیخ چیخ کر دنیا سے انصاف مانگ رہی ہے، اس لیے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، دنیا میں امن کے دعویداروں اور اقوام متحدہ کو اب خاموشی ترک کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند اور کشمیریوں کو آزادی کا حق دلانا ہوگا، ورنہ بھارتی بوکھلاہٹ دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔