Live Updates

پی ٹی آئی کے بکنے والے ارکان اسمبلی کو عمران خان کی سرپرستی حاصل تھی، پیر صابر شاہ

بدھ 18 اپریل 2018 18:20

پی ٹی آئی کے بکنے والے ارکان اسمبلی کو عمران خان کی سرپرستی حاصل تھی، ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر و سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اپنی چوری چھپانے کیلئے چور چور کا شور مچایا جارہا ہے لیکن بلین ٹری، بی آر ٹی منصوبہ، ملاکنڈ میگا سکینڈل، محکمہ جنگلات، محکمہ سیاحت، محکمہ معدنیات اور محکمہ ہائی ویز اتھارٹی میں اربوں روپے کی کرپشن اور سینیٹ کے انتخابات میں تحریک انصاف کے بکنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے پراسرار طور پر خاموشی اختیار کی گئی ، سینیٹ انتخابات میں بکنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی نہ کرنے سے واضح ہوگیا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے اور بکنے والے ارکان اسمبلی کو عمران خان کی سرپرستی حاصل تھی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اصولوں کی دھجیاں بکیر کر مخلص رہنمائوں کو نظر اندار کرکے ارب پتی امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جبکہ مسلم لیگ کی جانب سے پارٹی کے وفاداروں کو ٹکٹس دیئے گئے، منفی سیاست سے عمران خان کا سیاسی تماشہ ختم ہوگیا ہے اور عمران خان عوام کی حمایت کے بجائے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کیلئے جمہوریت کی بساط لپیٹنے پر تلے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام ، پارلیمنٹ کا تقدس ، عوام کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی کیلئے دلیرانہ جدوجہد سے مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے جبکہ منفی سیاست سے عمران خان کے خلاف نفرت بڑھتی جارہی ہے، سازشوں سے مسلم لیگ کا راستہ نہیں روکا جاسکتا اور چاروں صوبوں میں وزرائے اعلیٰ مسلم لیگ کے ہی ہوں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات