واپڈا پیغام یونین کے زیر اہتمام ملازمین کا مطالبات کے حق میں واپڈا ہائوس کے باہر دھرنا

تمام دروازے بند ہونے سے افسران و ملازمین محبوس ہو کر رہ گئے، ملازمین کی جانب سے شدید نعرے بازی

بدھ 18 اپریل 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) واپڈا پیغام یونین کے زیر اہتمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں واپڈا ہائوس کے باہر دھرنا دیا، تمام دروازوں کے باہر احتجاج کے باعث افسران و ملازمین محبوس ہو کر رہ گئے، ملازمین کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی جاتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا پیغام یونین کے زیر اہتمام گزشتہ روز واپڈا ہائوس کے باہر دھرنا دیا گیا جس میں لیسکو سمیت بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ملازمین کی جانب سے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر ، تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ اور منظور شدہ بونس نہ ملنے سمیت دیگر مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی ۔دو گھنٹوں کے احتجاج کے باوجود کسی کی جانب سے بات نہ سننے پر ملازمین نے واپڈا ہائوس کے تمام دروازوں کے باہر جا کر دھرنا دیدیا جس کے باعث سکیورٹی اہلکاروں نے دروازوں کو اندر سے بند کر لیا اور اسی وجہ سے افسران اور ملازمین اندر محبوس ہو کر رہ گئے ۔ ملازمین نے کہا کہ متعدد بار احتجاج کے باوجود ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے جا رہے جس کی وجہ سے دوبارہ احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں ،اپنا حق لینے کے لئے جتنی بھی جدوجہد کرنی پڑی کریں گے۔