ایچ ڈی پی کی دکاندار حاجی محمد آصف کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت ، بیٹے کے زخمی ہونے کی شدید مذمت

بدھ 18 اپریل 2018 20:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں عبدالستار روڈ کے مقام پر دکاندار حاجی محمد آصف کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں ہلاکت اور ان کے بیٹے کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے انتائی پر ہجوم علاقہ جہاںسٹی تھانہ چند سوگز کے فاصلے پر واقع ہے چاروں طرف سخت سکیورٹی اور گشت پر مامور اہلکارچوکس رہتے ہو ، ایسے علاقے میں ایک بے گناہ شہری کی شہادت کا واقعہ کسی المیے سے کم نہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پے در پے واقعات رونما ہو رہے ہیں کبھی قندھاری بازار اور کبھی تھانہ روڈ اور اب عبدالستار روڈ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس عوام کوجواب دینے کیلئے کوئی واضح اور مدیل جواب موجود نہیں صوبائی وزیر داخلہ مہینوں پہلے بلوچستان کے عوام،کوئٹہ کے شہریوں اور ہزارہ قوم کو خوش خبری سنا چکے ہیں کہ اب کوئٹہ شہر اور صوبے میں کہیں ہزارہ قوم یا اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہو گی،ٹارگٹ کلرزگرفتار ہو چکے ہیں یا مختلف واقعات کے دوران انھیںہلاک کیا گیا ہے مگر اس دعوے کے بعدسے اب تک درجن سے زائد واقعات رونما ہو چکے ہیں،نامعلوم دہشت گرد اچانک نمودار ہو کر شہر کے کسی بھی علاقے میں اپنے ہدف کو ٹارگٹ کر کے ایسے غائب ہوجاتے ہے ’’ جیسے گدھے کے سر سے سینگ‘‘ ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ شہر کے انتہائی پر ہجوم اور کاروباری علاقے میںواقعہ رونما ہو جا تا ہے مگر اس واقعے کے خلاف کوئی دکاندار یا شہری مزاحمت نہیں کرتا کیا وجہ ہے کہ عوام کو ایک دوسرے سے اس حد تک لا تعلق بنا دیا گیا ہے کہ اب قمیتی انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کو کسی مقام پرمزاحمت کا خدشہ تک نہیں ہوتا،چند نا معلوم نے شہر میں جس طرح کے خوف اور دہشت کی ٖفضا پیدا کرکے عوام اور شہریوں کو ایک دوسر ے سے لا تعلق بنا رکھا ہے یہ ایک تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہیں ۔

بیان میں حاجی محمد آصف کی شہادت اور ان کے بیٹے کے زخمی ہونے کے واقعہ پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے بلند درجات اور ان کے بیٹے کی جلد و مکمل شفایابی کی دعا کرتے ہوئے عوام سے لا تعلقی کا سلسلہ ختم کرکے ایک دوسرے کے دکھ درد میں شرکت کے ذریعے عملی طور پراس صورتحال کا مقابلہ کرنے کی توقع ظاہر کی گئی۔