․ ڈپٹی کمشنر حافظ آباد کی زیر نگرانی ضلع بھر میں عطائیوں اور جعلی حکیموں کے خلاف کریک ڈائون جاری، 35جعلی کلینکس /دواخانے سیل

بدھ 18 اپریل 2018 20:29

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد صالحہ سعید کی زیر نگرانی ضلع بھر میں عطائیوں اور جعلی حکیموں کے خلاف بھر پور کریک ڈائون جاری ہے جس کے نتیجہ میں ابتک کم و بیش 35جعلی کلینکس /دواخانے سیل کئے جا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حامد رفیق اور دونوں تحصیلوں کے ڈرگ انسپکٹران /ڈی ڈی اوز ہیلتھ کو واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ تمام اتائیوں کے خلاف بلا امتیاز اور بغیر کسی رو رعایت ٹھوس کاروائی کی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے نقصان سے بچا جا سکے ۔

ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ روز کی جانے والی کاروائی کے دوران ڈی ڈی او ہیلتھ پنڈی بھٹیاں ڈاکٹر ظہیر احمد کھوکھر نے مغل دواخانہ اور جاوید کلینک مرزا بھٹیاں جبکہ ڈی ڈی او ہیلتھ حافظ آباد ڈاکٹر جہانزیب نے الحرم کلینک جلال پور بھٹیاں ،جاوید کلینک حسن ٹائون ،عبدالحمید کلینک جلال پور بھٹیاں سیل کر دیئے۔قبل ازیں اتائیوں کے خلاف کی جانے والی کاروائی میں28کے لگ بھگ اتائی کلینک پہلے ہی سیل کئے جا چکے ہیں۔