دیا میر بھاشا ڈیم انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ،عوام کو سستی بجلی میسر آئیگی‘ (ن) لیگ ٹریڈرز ونگ

بدھ 18 اپریل 2018 20:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) ٹریڈرز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے کہا ہے کہ دیا میر بھاشا ڈیم انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس سے نہ صرف عوام کو سستی بجلی میسر آئے گی بلکہ پاکستان کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 38سے بڑھ کر 45روز ہو جائے گی،حکومت نے بجلی کی پیداوار کے مہنگے ذرائع ختم کر کے ہائیڈرل ،کوئلے اور گیس سے پیداوار کے منصوبے شروع کئے ہیں جس سے صنعتوں کو سستی بجلی میسر آنے سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں دیا میر بھاشا ڈیم کا بڑا ڈھنڈورا پیٹا گیا لیکن زمین پر اس منصوبے کا نام و نشان تک نہیں تھا۔ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اس منصوبے کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات اٹھائے اور زمین ایکوائر کرنے سمیت دیگر رکاوٹوں کو دور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے کی لاگت کی منظوری خوش آئند ہے ۔

ڈیم کی تعمیر سے 64لاکھ ایکڑفٹ پانی ذخیرہ کرنے اور ساڑھے چار ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہو گی۔ جبکہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 38روز سے بڑھ کر 45روز ہو جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے سے گھریلو اور چھوٹی صنعتوں کو فروغ ملا ہے جس سے عوام کی زندگیوں میں خوشحالی آئی ہے۔