کراچی ، کار چھیننے کی منصوبہ بندی کرنیوالے دو ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

بدھ 18 اپریل 2018 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) کونٹیننٹل بیکری کراچی کے پاس سے کار چھیننے کی منصوبہ بندی کرنیوالے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ایس ایس پی اے سی ایل سی اسد رضا نے دفتر سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا کہ مخبرخاص کی اطلاع پر اینٹی کار لفٹنگ سیل نے دو ملزمان لالہ نصیر اورمحبوب جمالی کو عین اسوقت گرفتار کیا جب وہ کونٹینیٹل بیکری کے قریب کار چھیننے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینے والے تھے جبکہ انکے دیگر ساتھی موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار دونوں ملزمان دو دن قبل ہی جعفرآباد سے کراچی پہنچے تھے تاکہ چھینی ہوئی گاڑیاں بلوچستان ساتھ لیکر جاسکیں۔علاوہ اذیں دونوں ملزمان سے ایک چھینی ہوئی کار بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونیوالے دونوں عادی مجرم ہیں اور انکا تعلق کراچی ،جامشورو، حیدرآباد اور نواب شاہ میں مصروف کٹر کار لفٹنگ پر مشتمل ملزمان کے گروہ سے ہے جوکہ پچیس سال سے نیو ماڈل کی ٹویوٹا کرولا اور ہائی لکس ریوو گلشن اقبال، شاہراہ فیصل، کلفٹن اور ڈیفینس کے علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں چھین کر اور چوری کرکے کوئٹہ، تربت اور جنوبی پنجاب لیکر جاچکے ہیں اور جعلی کاغذات پر فروخت کرتے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس گروہ کی سربراہی حاجی قطب الدین اور رب نواز مندرانی کرتے ہیں اور گاڑیاں چھیننا اور چوری کرنا انکا خاندانی پیشہ ہے ۔اس گروہ کا نام حاجی پاکستانی کے نام سے مشہور ہے ۔ اس گروہ کے ممبران نے سال2017/18ئ؁ میں صرف کراچی سے تقریباً 65 گاڑیاں چھینی۔ مذکورہ گروہ کے کارندوں کی گرفتاری اور مذید گاڑیوں کی برآمدگی کے لئے پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں