واٹربورڈ نے پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کردیا

بدھ 18 اپریل 2018 22:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) اورنگی، بلدیہ ٹاؤن،سعید آباد سمیت شہر کے بلندی اور آخری سرے پر واقع علاقوں میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کردیا گیا ، ان علاقوں میں پانی کی تین نئی لائنیں بچھائی جارہی ہیں ،بوسٹرنصب کئے جائیں گے جبکہ دھابیجی اور نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن کے متبادل (اسٹینڈبائی) پمپس سے بھی پانی کی فراہمی کا آغاز کردیا گیاہے ،آئندہ ایک دو روز میں ان علاقوں کے مکین خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے ، ان خیالات کا اظہار ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے بلدیہ ٹاؤن اور اورنگی کے منتخب نمائندوں اور پانی کی قلت کے خاتمے کیلئے آنے والے شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ایم ڈی واٹربورڈ کو منتخب نمائندوں نے علاقہ میں قلت آب کی وجوہات سے آگاہ کیا ،ایم ڈی واٹربورڈ نے ان کی گزارشات سنیں اور مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی ، انہوں نے بتایا کہ واٹربورڈ شہر کے بلند اور آخری سرے پر آباد لوگوں کے درپیش پانی کی قلت سے بخوبی آگاہ ہے ، پہلے ہی دھابیجی اور نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن کے متبادل پمپس کو چلاکر پانی کی فراہمی میں اضافہ کردیا گیا ہے انہوں نے اس موقع پر منتخب نمائندوں کے مطالبہ پر تین نئی لائنیں ڈالنے اور بوسٹر نصب کرنے کے احکامات جاری کردیئے ، انہوں نے کہا کہ اگر شہریوں کو پانی کی فراہمی میں واٹربورڈ کا کوئی ملازم رخنہ ڈالتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاررروائی کی جائے گی ،جبکہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران و دیگر اہلکاروں کا فوری تبادلہ کردیا جائے گا ،انہوں نے بتایا کہ شہر کے ایسے علاقوں میں جہاں واٹربورڈ کا فراہمی آب کا نظام نہیں ہے کو پانی کی فراہمی کیلئے ڈی سی کوٹہ کے تحت ٹینکروں کے کوٹے میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :