ایبٹ آباد پولیس کی غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن

جمعرات 19 اپریل 2018 13:54

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید اشفاق انور کی زیرسرپرستی ایبٹ آباد پولیس نے غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ایبٹ آباد پولیس کے ترجمان اعظم میر کے مطابق ضلع پولیس آفیسر سید اشفاق انور کے ہدایات کی روشنی میں سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاریوں اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

ایبٹ آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے پہلی سہ ماہی کے دوران 119 کلوگرام چرس، 9 کلو ہیروئن اور 559 بوتل شراب برآمد کی گئی۔ پولیس نے منشیات جیسی لعنت سے ضلع ایبٹ آباد کو پاک کرنے کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں پمفلٹس تقسیم کئے جن پر منشیات فروشوں کے خلاف معلومات فراہم کرنے کیلئے ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد کا موبائل نمبر0346-1119691 جاری کیا۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد پولیس نے غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ اینڈ سٹرائک آپریشنز کے دوران 3 کلاشنکوف، 38 رائفلز،205 بندوقیں مختلف بور،168 پستول اور 3 ہزار 231 کارتوس مختلف بور برآمد کئے۔ سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں پولیس نے مجرمان، اشتہاریوں اور عدالتی مفروروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران روپوش91 مجرمان اشتہاری،44 عدالتی مفرور جبکہ جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاتے ہوئے وہیکل ویری فیکیشن سسٹم کے تحت 2 لاکھ 97 ہزار 161 گاڑیوں اور کریمنل ریکارڈ ویری فیکیشن کے تحت2 لاکھ 40 ہزار 618 افراد کو چیک کیا گیا۔

پہلی سہہ ماہی کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی ہدایت پر پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ پولیس سے گذشتہ سال ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں تقریب کے علاوہ پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیم کے اخراجات کے سلسلہ میں لاکھوں روپے کے سکالرشپس دیئے گئے۔ فوت شدہ ملازمین کی بیوائوں اور حقدار ملازمین کی بیٹیوں کی شادی کیلئے انہیں جہیز فنڈ سے کثیر رقم مہیا کی گئی۔