پرامن بلوچستان کے قیام میں سیکورٹی فورسزکی قربانیوں سے انکار نہیں کیا جاسکتا،

جو لوگ ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں وہ باز آجائیں ،بیرون ملک بیٹھ کر بلوچستان میں امن وامان خراب کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کافرنٹیئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام ایکسیلینس ایوارڈکی تقریب سے خطاب

جمعرات 19 اپریل 2018 14:19

پرامن بلوچستان کے قیام میں سیکورٹی فورسزکی قربانیوں سے انکار نہیں ..
کوئٹہ۔ 19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پرامن بلوچستان کے قیام میں سیکورٹی فورسزکی قربانیوں سے انکار نہیں کیا جاسکتا،جو لوگ ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں وہ باز آجائیں ،بیرون ملک بیٹھ کر بلوچستان میں امن وامان خراب کرنے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو فرنٹیئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام ایکسیلینس ایوارڈ2018 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقر یب میں وفاقی وزیر پوسٹل سروسزمولانا امیر زمان،کمانڈرسدرن کمانڈلیفٹنٹ جنرل سلیم باجوہ،سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی ،صوبائی وزراء شیخ جعفرخان مندوخیل ،میرسرفراز بگٹی،طاہر محمود ،نواب چنگیز مری ،وزیراعلیٰ کے مشیر ضیاء لانگو ،رکن بلوچستان اسمبلی انجینئر زمرک خان ،رکن قومی اسمبلی خلیل جارج ،سابق صوبائی وزراء کیپٹن (ر)عبدالخالق ،نصیراحمد باچا،مولانا غلام سرور ،آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری ،آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم ،آئی جی جیل خانہ جات ملک شجاع کاسی ،جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت دیگر قبائلی وسرکاری عمائدین بڑی تعداد میں شریک تھے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کی قربانی دی میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،مجھے خوشی ہے کہ میں آج اپنے جوانوں کی تقریب میں شریک ہوں،انہوںنے کہاکہ ماضی میں جس طرح ہمارے صوبے کے امن کو تباہ کیا گیا حکومت اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے آج بلوچستان میں امن وامان کوبحال کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ملک دشمنوں نے جس طرح صوبے میں حالات خراب کئے وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ، براہمداغ اور حربیار مری نے جس طرح بلوچستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام کیا ،انہوں نے کہا کہ پاک آرمی، ایف سی،پولیس اور لیویز نے نامسائد حالات میں کام کیا اور آج بلوچستان میں امن بحال ہوچکا ہے ،امن دشمنوں کے مذ موم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیںگے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ اس وقت منظور پشتین کہاں تھے جب پورا ملک دہشت گردی کا شکار تھا ،نوجوانوں کو ملک کے خلاف ورغلانے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ،انہوں نے کہا کہ اب قوم کو بانٹنے والے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوںگے ،ہم سب پاکستانی ہیں، ایسی تقاریب کا انعقادہونا چاہیے تاکہ ہماری فورسز کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو،تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹنٹ جنرل سلیم باجوہ اور وفاقی وزیرمولانا امیر زمان نے پولیس ،ایف سی کے جوانوں میں ایوارڈ تقسیم کیئے ۔