جرمن سرمایا کار آزاد کشمیر میں توانائی کی پیداوار، صنعتی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، سردار مسعود خان کی جرمن سفیر سے ملاقات میں گفتگو، مارٹن کوبلر کو آزادکشمیر کے دورہ کی دعوت

جمعرات 19 اپریل 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے ایوان صدر کشمیر ہائوس میں ملاقات کی۔ صدر مسعود خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جرمن ایک مضبوط اور طاقتور قوم ہے جنہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں حیرت انگیز ترقی کی ہے اور پوری دنیا میں معیار کے اعتبار سے اپنا لوہا منوایا ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے جرمنی کے سفیر کو آزادکشمیر میں آنے کی دعوت دی اور کہا کہ جرمن سرمایا کار توانائی کی پیداوار، صنعتی ترقی کے شعبوں میں آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کریں۔ صدر آزادکشمیر نے مارٹن کوبلر کی تعریف کی کہ انہوں نے بڑی کمال مہارت سے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاک۔

(جاری ہے)

جرمن تعلقات کو مضبوط و مستحکم کیا۔ اس موقع پر جرمنی کے سفیر نے پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بڑی گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا اور پاک جرمن تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ ذہین، فطین اور محنتی ہیں اور ان کے اندر پاکستان کی معیشت کو باہم عروج تک لے جانے کی کما حقہ صلاحیت موجود ہے۔ پاکستانی دنیا کی ایک ابھرتی ہوئی قوم ہیں ۔ مارٹن کوبلر نے مزید کہا کہ آزادکشمیر ایک دلکش سیاحتی مرکز ہے اور میرا ملک جرمنی آزادکشمیر اور جرمنی کے لوگوں کے درمیان ادبی و ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔