عام انتخابات میں پیپلزپارٹی پورے ملک سے کامیابی حاصل کرکے مرکز اور صوبوں میں حکومت قائم کریگی،حلقہ این اے 268زمینی حقائق ،جغرافیہ کو نظرانداز کرکے بنائی گئی،سردار محمد عمر گورگیج

جمعرات 19 اپریل 2018 16:50

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر سردار محمد عمر گورگیج نے کہاہے کہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پورے ملک سے کامیابی حاصل کرکے مرکز اور صوبوں میں حکومت قائم کریگی،حلقہ این اے 268زمینی حقائق ،جغرافیہ کو نظرانداز کرکے بنائی گئی ہے جسے تمام اضلاع کے عوام نے مکمل مستردکردیاہے ،غلط حلقہ بندی کے حوالے سے ہم نے اعتراضات باقاعدہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادئیے ہیں ،امید ہے کہ الیکشن کمیشن ہمارے حق میں فیصلہ دیگی ،اگر الیکشن کمیشن نے عوامی مطالبات وخواہشات پر عملدرآمد نہ کیا تو عوام کے حقوق کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہ جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشکی میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی رہنماء حاجی محمد قاسم بادینی،نثاراحمد گورگیج،جمعہ خان بادینی،عاصم بادینی،جلیل گورگیج،نذیر احمد نوتھانی ودیگر بھی موجودتھے،سردار محمد عمر گورگیج نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی برسر اقتدار آئی ،ہمیشہ چھوٹے صوبوں کے احساس محرومی انہیں بڑے صوبوں کے برابر لانے اور ترقی کے عمل میں شامل کرانے کے لئے اقدامات کئے ،اٹھارویں ترمیم،صوبائی خودمختیاری اور رقبہ وآبادی کے بنیادپر وسائل وفنڈز کی فراہمی پاکستان پیپلزپارٹی کے ہی مرہون منت رہی ہے ،بلوچستان کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیاہے ،بلوچستان کو وسائل کی فراہمی کے لئے اپنے دور حکومت میں پیپلزپارٹی نے قانون سازی کرکے بلوچستان کو حق دیاہے ،پسماندہ علاقوں میں روزگار،تعلیم ،غربت کے خاتمے کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی نے آغاز حقوق بلوچستان پروگرام کا آغازکیا،جس سے بلوچستان کے عوام کو فائدہ ہوااور احساس محرومی میں کمی آئی،انہوں نے کہاکہ اپنے دورحکومت میں حلقہ کے پسماندگی کے خاتمے ،عوام کو سہولیات زندگی کے فراہمی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا،نوشکی کو گیس پلانٹ کے زریعے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا،مل گرڈاسٹیشن اور نوشکی گرڈا سٹیشن کو 20/26کے زریعے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کردار ادا کیا،ہمارے دور حکومت میں نوشکی ضلع کے دیگر دیہی علاقوں کو بھی گیس فراہمی کے لئے فنڈز باقاعدہ منظور کرائے مگر حکومت کے خاتمے کے بعد منتخب عوامی نمائندوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کے باعث بعض علاقے احمدوال،کیشنگی ،مل کو گیس کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکی اگر عوام نے منتخب کرکے خدمت کا موقع دیا تو ان علاقوں کو گیس کی فراہمی،نوشکی ڈاکخانہ کو جی پی او کا درجہ دینا اولین ترجیح ہوگی،نوشکی میں پاسپورٹ آفس کا قیام ،سڑکوں کی تعمیرکے زریعے عوام کو سہولت فراہم کرنے اور پسماندگی کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت بھی ہماری اولین ترجیح ہوگی،جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر لوگوں کور وزگار کی فراہمی،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسعت دینے سمیت بے روزگار نوجوانوں کو کاروبار کے لئے باقاعدہ قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے ،انہوں نے کہاکہ ملازمین کے تنخواہوں میں اضافہ کے لئے بھی خاطرخواہ اقدامات کئے جائیںگے جبکہ مفت تعلیم کے فراہمی کے علاوہ سول ہسپتال نوشکی میں ڈاکٹروں کی تعیناتی بھی عمل میں لائے جائے گی،عام انتخابات میں عوام کارکردگی کے بنیادپر ووٹ دیں،عوام ہمارے کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انتخابات میں کامیابی بھی کارکردگی کے بنیادپر حاصل کرینگے۔