شہروں کی بہترترقی کیلئے بلدیاتی حکومتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے،شیخ انصر عزیز

میٹروپولیٹن کامرس یونٹ کا قیام مقامی معیشت کی ترقی میں معاون ثابت ہو گا، شیخ عامر وحید

جمعرات 19 اپریل 2018 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) اسلام آباد کے مئیر شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور مقامی معیشت کی بہتر ترقی کیلئے چیمبر کے اشتراک سے میٹروپولیٹن کامرس یونٹ قائم کرنے کے امور پر چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ترقی یافتہ جمہورتیوں نے بلدیاتی حکومتوں کو مضبوط کر کے بہتر اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور پاکستان میں بھی اسی ماڈل کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے ہمارے شہر اور معیشت پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے چیمبر کی طرف سے میٹروپولیٹن کامرس یونٹ قائم کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ اس کی جامع دستاویز ان کو ارسال کی جائے تا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ باہمی تعاون کا سمجھوتہ طے کرنے پر غور کرے جبکہ پرائم کو اس منصوبے کا تکنیکی پارٹنر بنایا جائے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامروحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید دنیا میں شہرمعاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستان میں بھی سرمایہ کاری و صنعت و تجارت کو فروغ دینے کیلئے شہروں کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔

انہوں نے مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو میٹروپولیٹن کامرس یونٹ کی تجویز کی اہم خصوصیات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے مضبوط شہری حکومتیں قائم کر کے حیرت انگیز اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور اسلام آباد میں میٹروپولیٹن کامرس یونٹ کا قیام چین کے ماڈل کو متعارف کرانے کی طرف ایک اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کامرس یونٹ مقامی معیشت کے مختلف شعبوں کے بارے میں اعدادو شمار اور معلومات جمع کرے گا جو میٹروپولیٹن کارپوریشن کو شہر کی بہتر ترقی اور سرمایہ کاری اور تجارت کو بہتر فروغ دینے کیلئے منصوبہ بندی کرنے میں ضروری معاونت فراہم کریں گی۔

پرائم کی چیف آپریٹنگ آفیسر محترمہ عائشہ بلال اور ڈائریکٹر ضیا بانڈے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو تیز رفتار ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے پاکستان میں میٹروپولیٹن کی بنیاد پر اقتصادی گورننس کے ماڈل کو فروغ دینا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اور بلدیاتی حکومت اس ماڈل کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جبکہ پرائم اس سلسلے میں ان کو ہر طرح کی تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور میٹروپولیٹن کامرس یونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔