بھارتی افواج کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے میں بری طر ح ناکام ہے ‘لندن میں احتجاجی مظاہرہ کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز کارروائیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا ہے

آزادکشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار کی بات چیت

جمعرات 19 اپریل 2018 17:56

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اپریل2018ء) آزادکشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے میں بری طر ح ناکام ہے لندن میں احتجاجی مظاہرہ کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز کارروائیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا ہے انہوں نے مزید کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر آزا دکشمیر کی تما م سیاسی قیادت متحدو متفق ہے ۔

اور یک زبان ہو کر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اندوہناک مظالم کے خاتمہ کے لئے ملکی او ر عالمی سطح پر آواز بلند کررہی ہے۔انہوں نے مودی کو انسانیت کا قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو مودی کے جنگی جنون کا فوری نوٹس لینا چاہیے کیونکہ اگر اس کو بروقت نہ روکا گیا تو عالمی امن تہس نہس ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ناصر حسین ڈار وزیر بحالیات آزاد کشمیر نے شہداء کی قربانیوں کو تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بالا آخر آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔

اخبارنویسوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ آزا دکشمیر میں مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر قیادت آزاد خطہ میں مثالی اور مربوط منصوبہ بندی اور پائیدار اور بلا تخصیص تعمیر وترقی کی خواہاں ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر میں رواں مالی سال میں ترقیاتی بجٹ کی 84فیصد سے زائد رقم خرچ کی جاچکی ہے اور آئیندہ بھی فنانشل ڈسپلن کو یقینی بنایا جائے گا۔