دولت مشترکہ کا 25 واں سربراہ اجلاس شروع ہو گیا،

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں

جمعرات 19 اپریل 2018 18:01

دولت مشترکہ کا 25 واں سربراہ اجلاس شروع ہو گیا،
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) دولت مشترکہ کا 25 واں سربراہ اجلاس جمعرات کو یہاں شروع ہو گیا ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں باضابطہ افتتاحی تقریب بکنگھم پیلس میں منعقد ہوئی۔ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے 53 رکنی دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کے آغاز کا اعلان کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ملکہ برطانیہ نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے یہ یقین ظاہر کیا کہ زیادہ محفوظ اور خوشحال دنیا آئندہ نسل کے حوالہ کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دولت مشترکہ سربراہ اجلاس 2018ء میں شریک رہنما آراء اور تجاویز کا تبادلہ خیال کریں گے جس سے 53 رکنی تنظیم میں کثیر الجہتی تعاون کے فروغ میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لندن میں 40 سال کے بعد دولت مشترکہ کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے جو 2.2 ارب سے زائد آبادی پر محیط تنظیم ہے۔

افتتاحی تقریب سے پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس، برطانوی وزیراعظم تھریسامے، دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل پٹریشا سکاٹ لینڈ نے بھی خطاب کیا۔ شہزادہ چارلس نے اپنے افتتاحی کلمات میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سربراہ اجلاس دولت مشترکہ کے ممالک کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے کے نئے عزم کے ساتھ رکن ممالک کے درمیان روابط کو تقویت دینے میں معاون ہو گا۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے اپنے خطاب میں دولت مشترکہ ممالک کو درپیش مختلف چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تجارت، معیشت، روزگار، صحت عامہ، سائبر کرائم جیسے شعبوں میں رکن ممالک کے مابین وسیع تر تعاون کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر دولت مشترکہ کے 6 ممالک کے گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کیا۔ قبل ازیں برطانیہ کی ملکہ نے دیگر شاہی خاندان کے ہمراہ مہمانوں کا استقبال کیا۔ بکنگھم پیلس آمد پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر سربراہان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں لنکاسٹر ہائوس میں ایگزیکٹو نشستوں کے آغاز سے قبل وزیراعظم فرائیری کورٹ روانہ ہو گئے جہاں برطانوی وزیراعظم اور دولت مشترکہ سیکرٹری جنرل نے ان کا خیرمقدم کیا۔