قصور میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کی جانب سے عدلیہ کے بارے میں تضحیک آمیز احتجاج کا معاملہ ہمارے پاس آیا تو اس کا جائزہ لیں گے، لاہور ہائیکورٹ

عدالت کا ایم کیو ایم لندن کے قائد کی تقاریر کی نشریات پر پابندی پر عملدرآمد کے حوالے سے وفاقی حکومتکی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار، مزید کارروائی 10 مئی تک ملتوی

جمعرات 19 اپریل 2018 18:24

قصور میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کی جانب سے عدلیہ کے بارے میں تضحیک ..
لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے کہا ہے کہ قصور میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کی جانب سے عدلیہ کے بارے میں تضحیک آمیز احتجاج کا معاملہ ان کے پاس آیا تو اس کا جائزہ لیں گے۔ جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے ایم کیو ایم لندن کے قائد کے بیانات کی اشاعت اور نشریات کی پابندی کیلئے درخواستوں پر کارروائی کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے اختتام سے قبل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے قصور میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے احتجاج کے حوالے سے استدعا کی تو بنچ کے سربراہ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ اگر یہ معاملہ ان کے پاس آیا تو ان کا اس وقت جائزہ لیا جائیگا، ابھی دوسرا معاملہ زیر سماعت ہے۔ دوران سماعت وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم لندن کے قائد کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے درخواستوں پر مزید کارروائی 10 مئی تک ملتوی کر دی۔