Live Updates

وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی زیرصدارت پنجاب یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا اجلاس

اجلاس میں 20.16 ارب روپے کے بجٹ سفارشات منظور، تحقیق کے فروغ کے لئے ریسرچ گرانٹ بڑھا کر 297 ملین روپے مقرر، مالی دباوٗ کے باوجود طلباء طالبات کے سکالرشپ میں 26 ملین روپے کا اضافہ منظور کرلیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 جولائی 2025 00:02

وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی زیرصدارت پنجاب یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 03 جولائی 2025ء ) پنجاب یونیورسٹی مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی سفارشات کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد علی کی چیئرمین شپ میں سینڈیکیٹ کا 1758 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں سینڈیکیٹ نے سینیٹ کو 20.16  ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کی سفارش کر دی۔ بجٹ میں طلباء و طالبات کا مالی بوجھ کم کرنے کے لئے سکالرشپس اور سبسڈی میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد علی کی ہدایت پر گزشتہ سال کے مقابلے میں سکالرشپ کی رقم 380 ملین روپے سے بڑھا کر406 ملین روپے کر دی گئی۔ علاوہ ازیں ہونہار سکالرشپ پروگرام، ایچ ای سی اور پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی طرف سے بھی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات وظائف دئیے جائیں گے۔ ڈاکٹر محمد علی کے اقدامات کے باعث پہلی مرتبہ پنجاب یونیورسٹی کے بجٹ خسارے میں کمی واقع ہوئی ہے امسال بجٹ خسارہ گزشتہ سال 2 ارب کے مقابلے میں 1.2 ارب روپے ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینڈیکیٹ ممبران نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی کفایت شعاری کی پالیسی کو سراہا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی ہدایت پر یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے اور ملکی معاشی و معاشرتی ترقی پر مثبت انداز میں اثرانداز ہونے والی تحقیق اور تحقیقی کلچر کو فروغ دینے کے لئے ریسرچ گرانٹ 229 ملین سے بڑھا کر 297 ملین روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ آئندہ 3  سالوں میں یونیورسٹی کا بجٹ خسارہ ختم کر دیں گے اور قرض لینے کی بجائے ذرائع آمدن بڑھانے کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے انڈومنٹ فنڈ کو بڑھائیں گے۔امسال پہلی مرتبہ حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی کو 78 کروڑ روپے ملیں گے۔  خصوصی طلباء و طالبات کو مفت تعلیم اور مفت رہائش جبکہ سپورٹس کی بنیاد پر داخلہ لینے والے طلباء و طالبات کو مفت تعلیم اور حافظ قرآن کی ٹیوشن فیس معاف ہو گی۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ہاسٹل میں رہائش پذیر طلباء و طالبات کوکروڑوں روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی جبکہ ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹس میں بجلی کے بلوں کی مد میں دی جانے والی سبسڈی اس کے علاوہ ہے۔ 
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی زیرصدارت پنجاب یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا ..
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات