سرگودھا:ووٹ کے اندراج و درستگی کیلئے 700 ڈسپلے سنٹر بنائے گئے ہیں، ریجنل الیکشن کمشنر

جمعرات 19 اپریل 2018 18:31

سرگودھا۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ریجنل الیکشن کمشنر ندیم زبیر نے کہا ہے کہ چوبیس اپریل ووٹ کے اندراج اور کسی بھی قسم کی تبدیلی کی آخری تاریخ ہے اس کے بعد الیکشن کے انعقاد تک ووٹوں میں ہر قسم کی تبدیلی پر پابندی لگا دی جائیگی، سرگودھا ڈویژن میں700 ڈسپلے سنٹر بنائے گئے ہیں ضلع سرگودہا میں236، خوشاب میں130، میانوالی میں173 جبکہ بھکر میں154 ڈسپلے سنٹرقائم کئے گئے ہیں، یہ ڈسپلے سنٹر ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے جہاں پر نئے ووٹ کے اندراج کیلئے مفت فارم فراہم کئے جارہے ہیں ثبوت کے طورپر صرف شناختی کارڈ ضروری ہے، شناختی کارڈ میں درج مستقل یا عارضی پتہ میں سے کسی ایک جگہ پر ووٹ کا اندراج کرایا جاسکتا ہے، صحافیوں سے گفتگو کرتے ریجنل الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص اپنا شناختی کارڈ نمبر تحریر کرکی8300 پر میسج کرے تو الیکشن کمیشن کی طرف سے اس کے ووٹ کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کردی جاتی ہیں۔