صوبے بھر میں اقلیتی ہونہار طلبہ میں ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد کے وظائف تقسیم کئے جا رہے ہیں، خلیل طاہر سندھو

جمعرات 19 اپریل 2018 18:31

سرگودھا۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) صوبائی وزیر ِحقوق ِانسانی واقلیتی ا مور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کیبنٹ ڈویژن کی مشاروت سے صوبے کے تمام اداروں اور ہر قسم کی ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے پانچ فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دی ہے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ڈیفنس ہال سرگودہا میں ڈ و یژن بھر کے ہونہار اقلیتی طلبہ وطالبات میں وظائف تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،صوبائی وزیر اقلیتی ا مور نے بتایا کہ صوبے بھر میں اقلیتی ہونہار طلبا وطالبات میں ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد کے وظائف تقسیم کئے جا رہے ہیں جس سے اقلیتی طلبا ء وطالبات میں مقابلے کا رجحان بڑھ رہاہے ، خلیل طاہرسندھو نے کہاکہ وظائف کی تقسیم کا مقصد طلباء وطالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد دینا اوران کی محنت شاقہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ، حکومت پنجاب یوسی ایس لاہور اور فاطمہ ہسپتال سرگودہا جیسے تاریخی اہمیت کے حامل اداروں کی بحالی کیلئے کروڑوں کے فنڈز جاری کررہی ہے ، پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، پاکستانی آئین کے مطابق تمام شہری یکساں حقوق رکھتے ہیں، یونیورسٹی آف سرگودہا میں اقلیتوں کیلئے ملازمتوں کے پانچ فیصد کوٹہ پر عملد رآمد نہ ہونے کی شکایت پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ مقامی اقلیتی نمائندوں کے اس مطالبہ کو حکومت پنجاب کے نوٹس میں لائیں گے او رکسی کو اقلیتوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیںگے ، اقلیتوں کو حق دلواناان کافرض اورقوم کا ان پر قرض ہے ، قبل ازیں صدر اقلیتی امور پی ایم ایل (ن) چوہدری مشتاق گل نے سرگودہا میں اقلیتوں کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( جنرل )ملک آصف اقبال نے تعلیم وظائف کے با رے میںتفصیلات بتائیں ، بعدازاں صوبائی وزیر اقلیتی ا مور خلیل طاہر سندھو نے سرگودہا ڈویژن کے 68 ہونہار طلباوطالبات میں 19لاکھ روپے سے زائد کے وظائف کے چیک تقسیم کئے ۔