پیپلز پارٹی کے سیکرٹری خزانہ حیدر زمان قریشی کا یوتھ فورم فار کشمیر کا دورہ

جمعرات 19 اپریل 2018 18:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری خزانہ حیدر زمان قریشی نے اسلام آباد میں یوتھ فورم فار کشمیر (وائے ایف کی) دفتر کا دورہ کیا، انہیں کشمیر کیلئے کام کرنے والے انسانی حقوق کے کارکنان کی جانب سے تازہ ترین کاوشوں سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو ڈائریکٹر وائے ایف کے نے بریفنگ دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر سیاستدان سے کشمیر کیلئے بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور تنازعہ کشمیر پر دو ٹوک مؤقف رکھنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کیا۔

حیدر زمان قریشی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہٴ کشمیر کو حل کرنے کی بنیاد پر قائم ہوئی تھی۔اقوامِ متحدہ کشمیر پر نصف صدی سے جاری اپنی خاموشی توڑ چکی ہے جس سے سفارتکاروں اور انسانی حقوق کارکنان کوتنازعہ کے حل کیلئے ایک نئی امید ملی ہے جوکہ تا حال بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث قائم ہے۔