Live Updates

پوری (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی بھی تحریک انصاف میں آجائے تو عمران خان کے نظریہ پر آئے گی‘ محمود الرشید

پریشان کوئی اور نہیں صرف مک مکا والی جماعتیں ہیں‘ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 19 اپریل 2018 21:25

پوری (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی بھی تحریک انصاف میں آجائے تو عمران خان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ پوری (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی بھی تحریک انصاف میں آجائے تو یاد رکھیں عمران خان اور تحریک انصاف کے نظریہ پر آئے گی، پریشان کوئی اور نہیں صرف مک مکا والی جماعتیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ پارٹی ٹکٹ کا معیار صرف میر ٹ ہے، ٹکٹوں کی تقسیم کے سارے عمل کی مانیٹر نگ عمران خان خود کر رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ملک میں جاری کڑے احتساب سے خوفزدہ ہیں، ان کے لوگ جان چکے ہیں یہ ملک میں کوئی تبدیلی لا سکتے ہیں اور نہ ملک و قوم کا بھلا اسی لئے لوگ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، ابھی بہت سے لوگ تحریک انصاف سے رابطے میں ہیں، عمران خان کی دیگر مصروفیات کے باعث کئی لوگوں کی شمولیت التوا کا شکار ہے، پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک وزیراعلیٰ کیلئے کسی نام پر اتفاق ہوا اور نہ ہی ہم نے کوئی نام حکومت کو تجویز کیا۔

(جاری ہے)

اس پر پنجاب کی تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کوئی نام فائنل کرینگے لیکن یقین دلاتے ہیں اس بار مک مکا ہوگا اور نہ ہی انتخابات میں دھاندلی ہونے دیں گے۔ یہ بدلا ہوا پاکستان ہے اور تحریک انصاف ماضی سے سیکھتے ہوئے بھرپور سیاسی تجربہ رکھنے والی جماعت بن چکی ہے۔ اگر کس کو کوئی غلط فہمی ہے تو وہ دور ہو جائیگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات