چارسدہ میں سرکاری ملازمین کی دفاتر کی تالہ بندی اور مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی

جمعرات 19 اپریل 2018 23:54

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی کال پر چارسدہ میں سرکاری محکموں کے ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کرکے حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے ایپکا کے مرکزی صدرفضل غفار باچا ،صوبائی صدر محمد شاعر تاجک ، صوبائی جنرل سیکرٹری سجاد یوسفزئی ، ضلعی صدر حاجی ہدایت اللہ ، غریب جان ، اعجاز خان اور دیگر نے کہا کہ صوبائی حکومت ایپکا ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت ملازمین کے اپ گریڈیشن اور ہیلتھ پروفیشنل الائونس سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں بصورت دیگر احتجاجی تحریک کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلاکر سرکاری امور اور مشینری کو جام کرینگے ۔ انہوںنے کہاکہ ایپکا ملازمین اپنے حقوق پر کوئی سودا بازی نہیں کرینگے اور جائز حقوق کیلئے جانوں کے نذرانے دینے سے بھی گریز نہیں کرینگے ۔ انہوںنے دھمکی دی کہ صوبائی حکومت نے ملازمین کے مطالبات منظور نہ کئے تو اسلام آباد کی طرف کفن پوش لانگ مارچ کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہو گی ۔ا حتجاجی مظاہرے میں حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی ۔