موٹر وے ایم نائن پر ہولناک حادثہ ، ڈرائیور سمیت ایک ہی خاندان کی6افراد جاں بحق

جمعرات 19 اپریل 2018 23:50

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) موٹر وے ایم نائن پر ہولناک حادثہ ، ڈرائیور سمیت ایک ہی خاندان کی6افراد جاں بحق ، 5زخمی، کار میں آگ لگ جانے سے لاشیں کوئلہ ہو گئیں ، معصوم بچی معجزانہ طور پر بچ گئی ، بد نصیب خاندان کراچی سے جیکب آباد جارہا تھا کہ لونی کوٹ چاڑی32میل پر ایک کارلینڈ کروزر F4333کے عقب سے زور دار طریقہ سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس کا سی این جی سیلنڈر پھٹ گیا اور کار میں آگ لگ گئی۔

کار میں سوار ڈرائیور ، ایک شخص جس کی شناخت حاجی شیر علی کے نام سے ہو ئی ہے اسکے دو بیٹے اور بیٹی اور بیوی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک ڈھائی سالہ بچی جو گاڑی سے باہر جا گری تھی وہ معجزانہ طور پر بچ گئی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق لینڈ کروزر کے آگے ٹرک تھا وہ کسی وجہ سے رکا تو لینڈ کروزر نے بریک لگایا اور اسکے پیچھے آنے والی تیزرفتار کار اس سے ٹکرا گئی۔

(جاری ہے)

کار میں سی این جی سیلینڈر دھماکہ سے پھٹ گیااور آگ لگ گئی جبکہ ڈھائی سالہ بچی اچھل کر معجزانہ طور پر کار سے باہر گر گئی اور اسکی زندگی بچ گئی۔ لینڈ کروزر میں سوار پانچ افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں معمولی زخم آئے ہیں کار میں سوار مکمل طور پر کوئلہ بن گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ حادثہ کا شکار خاندان کا تعلق جیکب آباد کے محلہ چنا پاڑے سے ہے ‘ جس کا سربراہ حاجی علی شیر اپنی فیملی کے ہمراہ کراچی سے جیکب آباد جارہا تھا۔