دینی جماعتوں کا اتحاد 2018کے انتخابات میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گا، انجینئر عظیم رندھاوا

جمعہ 20 اپریل 2018 15:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) ایم ایم اے کی نومنتخب ضلعی سنیئر نائب صدرانجینئر عظیم رندھاوانے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد 2018کے انتخابات میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گا،ملک اس وقت چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہوا ہے صرف دینی جماعتوں کی دیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے،نظام مصطفی کے علاوہ امن و انصاف کا اور کوئی راستہ نہیں ، پانامہ ، دبئی اور لندن لیکس اور قرضے معاف کروانے والوں کی فہرستوں میں کسی دینی جماعت کے راہنما کا نام نہیں آیا، آئندہ عام انتخابات میں سیکولر و لبرل سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں اسلام و نظریہ پاکستان کی محافظ دینی قوتیںہی فتح یاب ہوں گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام متحد ہو کر قوم کی ڈوبتی نائو کو کنارے لگاسکتے ہیں،ہم دنیا کو اسلام کے مطابق امن ، ترقی و خوشحالی اور عدل و انصاف کے اصول بتائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ یا سابقہ حکومتوں میں رہنے والوں کے اندر یہ صلاحیت نہیں کہ وہ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ پر درپیش مسائل سے نکال سکیں ۔ اقتدار کی باریاں لینے ، پارٹیاں بدلنے اور قومی دولت سے جیبیں بھرنے والوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکاہے۔ آئندہ انتخابات میں عوام صاف ستھرے امیدواروں کو منتخب کر کے ملک سے کرپشن کی جڑوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ پھینکیں گے ۔