ڈینگی ملازمین کااپنے مطالبات کے حق میں پریس کلب کے باہر دھرنا

جمعہ 20 اپریل 2018 23:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) ڈینگی پروگرام کے سینکڑوں ملازمین نے گزشتہ روز اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور پریس کلب کے باہر دھرنا دیکر روڈ کو عام ٹریفک بند کردیا جس سے لاہور پریس کلب کے گردو نواح کی سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ احتجاج کرنے والوں کا مطالبہ تھا کہ انہیں فوری طور پر ریگولر کیا جائے اور انہیں محکمہ صحت کے فیلڈ ورکروں کے سکیل کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ا س موقع پر ڈینگی پروگرام کے ملازمین نے پنجاب بھر کے ویکسی نیٹروں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت ویکسی نیٹروں کے کنوینس الائونس کی کٹوتی کا فیصلہ واپس لے ۔ انہوںنے کہاکہ بارشوں کے اس موسم میں ہم نے ڈینگی پروگرام کا بائیکاٹ کردیا ہے اور آج سے ویکسی نیٹروں کے احتجاج میں شامل ہوگئے ہیں ۔ واضح رہے کہ ڈینگی پروگرام کے ملازمین کے احتجاج میں پنجاب بھر سے آئے ویکسی نیٹروں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی انہوںنے بھی ڈسپنسریوں نے بھی خسرہ اور پولیو مہم کو روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے احتجاجی دھرنا جاری رہے گا ۔