2020 ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے لیے ایسوسی ایٹ ٹیموں میں آسٹریلیا جانے کی کشمکش تیز ہوگئی

کوالیفائی مرحلے میں مجموعی طور پر 62 ٹیمیں پانچ براعظموں پر شیڈول 12ایونٹس میں حصہ لیں گی افریقہ کا ’ بی ‘ کوالیفائر 7 سے 14 جولائی تک روانڈا میں ہوگا، میزبان ملک کے ساتھ کینیا، تنزانیہ اور یوگینڈا کو موقع ملے گا

ہفتہ 21 اپریل 2018 12:30

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) 2020 ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے لیے ایسوسی ایٹ ٹیموں میں آسٹریلیا جانے کی کشمکش تیز ہوگئی میڈیا رپورٹ کے مطابق دوسال بعد شیڈول ٹورنامنٹ کیلئے علاقائی کوالیفیکشن ٹورنامنٹ کویت میں شروع ہوگیا، کوالیفائی مرحلے میں مجموعی طور پر 62 ٹیمیں پانچ براعظموں پر شیڈول 12ایونٹس میں حصہ لیں گی۔آئی سی سی جنرل منیجر ڈیویلپمنٹ ولیم گلین رائٹ نے بتایا کہ ہم ایسوسی ایٹ ممبران پرخاطرخواہ سرمایہ کاری کرکے مختصرفارمیٹ کی کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ ممالک میں متعارف کرانے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔

اس موقع پر کویت کرکٹ کے صدر حیدر فرمان نے کہا کہ ہوم گرائونڈ پر کوالیفائنگ ایونٹ کی میزبانی کا مقصد مقامی لوگوں کے ساتھ گلف اور ایشیا کے دیگر ہمسایہ ممالک کے شائقین کو راغب کرنا ہے، یہ کوالیفائنگ عمل 2018 سی2020 تک ہے، اس میں افریقہ اور یورپ میں 3،3 جبکہ امریکاز، ایشیا اور ایسٹ ایشیا پیسفک میں 2،2 ایونٹس ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایشیا گروپ ’ اے‘ کوالیفائرکویت میں جمع کو شروع ہوگیا، اس میں بحرین، مالدیپ ، قطر ، سعودی عرب ، یواے ای اور میزبان کویت کی ٹیمیں ایکشن میں ہیں، ایشیا سے تین ٹیمیں علاقائی فائنل تک رسائی حاصل کرپائیں گی۔

ریجنل فائنل آئندہ برس ہوگا، دوسری جانب افریقن ’ اے ‘ کوالیفائر میں گیمبیا، گھانا، سری لیونے اور میزبان نائیجیریا نے 14 سے 21 اپریل تک حصہ لیا، اس سلسلے کا پہلا کوالیفائر رواں برس 26 فروری سے 3 مارچ تک ارجنٹائن میں منعقد ہوچکا جس سے برمودا اور کیمان آئی لینڈ نے کوالیفائی کیا ہے، افریقہ کا ’ بی ‘ کوالیفائر 7 سے 14 جولائی تک روانڈا میں ہوگا، جس میں میزبان ملک کے ساتھ کینیا، تنزانیہ اور یوگینڈا کو موقع ملے گا۔

ایسٹ ایشیا پیسفک کا پہلا کوالیفائر فجی میں 25 سے 29 اگست تک شیڈول ہے، اس میں فجی کے ہمراہ پاپوا نیوگنی، سمائو اور ویناتو کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، ایشیا ’ بی ‘ کوالیفائر ملائیشیا میں 3 سے 12 اکتوبر تک ہوگا، اس میں بھوٹان، چین، ملائیشیا، میانمار، نیپال، سنگاپور اورتھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں ۔