کل جماعتی حریت کانفرنس کی بھارتی پولیس کی طرف سے آزادی پسند رہنمائوں ، کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت

کشمیری بھارت کے سامراجی حربوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے ،ْکل جماعتی حریت کانفرنس

ہفتہ 21 اپریل 2018 12:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعتی کل حریت کانفرنس نے بھارتی پولیس کی طرف سے آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیرکو عملاً ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کر دیاہے جہاں قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے آزادی پسند رہنمائوں کے سیاسی حقوق مکمل طور پر سلب کر رکھے ہیں جو لاقانونیت اور انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت اس وقت جموں وکشمیرپر صرف اور صرف فوج کے دم پر قبضہ جمائے قائم رکھے ہوئے ہے اور وہ آزادی پسندرہنمائوں کا سیاسی طریقے سے مقابلہ کرنے کے بجائے انہیں انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت کے ہر ظلم وجبر کے بعد کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں ایک نیا ولولہ پیداہوتا ہے اور وہ سامراجی حربوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے۔ انہوںنے کہا محمد اشرف صحرائی، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، غلام احمد گلزار، محمد اشرف لایہ، عمرعادل ڈار، سید امتیاز حیدر اور دیگرگھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند ی کو سراسر بلاجواز قراردیتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔