تھانہ میرپور سے ایس ایچ او سردار رفیق کے تبادلہ کے ساتھ ہی ایک ہی رات میں چوری کی تین وارداتیں

ہفتہ 21 اپریل 2018 13:03

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) تھانہ میرپور سے ایس ایچ او سردار رفیق کے تبادلہ کے ساتھ ہی چوری کی تین وارداتیں سامنے آ گئیں۔ نامعلوم چور پرنٹنگ ایجنسی، ہوٹل اور بیکری کا صفایا کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ماڈل تھانہ میرپور سے ملحقہ رہائشیوں نے سردار رفیق کو دوبارہ تھانہ میرپور تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی پی او ایبٹ آباد کی جانب سے تھانہ میرپور کے ایس ایچ او سردار رفیق کے تبادلہ کے ساتھ ہی نامعلوم چور فرنٹیئر پرنٹنگ ایجنسی کے عقب میں نقب لگا کر قیمتی لیپ ٹاپ اور کیمرا چوری کر کے فرار ہو گئے۔ ایجنسی کے مالک فیضان اعوان نے کیمرے اور لیپ ٹاپ کی قیمت ایک لاکھ30 ہزار روپے بتائی ہے۔ دوسری واردات میں چور دلشاد بیکرز سے ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ قمر ہوٹل سے 50 ہزار روپے کی نقدی چوری کر کے فرار ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ تاجروں کی رپورٹ پر تھانہ میرپور میں اطلاعی رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تھانہ میرپور کے سابق ایس ایچ او سردار محمد رفیق کی تعیناتی کے بعد تھانہ میرپور سے ملحقہ علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں کمی رونما ہوئی تھی۔ سردار رفیق کی اہلکاروں پر مضبوط گرفت کے باعث گشت کا عمل بہترین طریقہ سے جاری رہا۔ سردار رفیق کے تبادلہ کے ساتھ ہی تھانہ میرپور کے اہلکار ’’بے غم‘‘ ہو گئے، ان بے غم اہلکاروں کی غفلت کے باعث چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ عوامی حلقوں نے ڈی پی او ایبٹ آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ نڈر آفیسر سردار رفیق کو دوبارہ ماڈل تھانہ میرپور تعینات کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :