لیاری جنرل اسپتال میں بچوں کی50 بیڈ پر مشتمل وارڈ، انتہائی نگہداشت وارڈ ہیپاٹائٹس کلینک اور اور لیب کا افتتاح

جمعرات 26 اپریل 2018 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2018ء) لیاری جنرل اسپتال کراچی میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 50 بیڈ پر مشتمل وارڈ 8 بیڈ پر مشتمل انتہائی نگہداشت وارڈ ہیپاٹائٹس کلینک اور اور لیب کا افتتاح کردیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری صحت سندھ فضل اللہ پیچوہو تھے ان کے ہمراہ وائس چانسلر ڈا ؤ یونیورسٹی پروفیسر سعید قریشی اور چائلڈ لائف فانڈیشن کے سی ای او ڈر احسن ربانی بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فصل اللہ پیچوہو نے کہا کہ میں پولیس اور رینجرز کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے لیاری میں امن قائم کیا اور لوگوں کا لیاری جنرل اسپتال پر اعتماد قائم ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر 23 مہینے تک بچوں کو ویکسین ملے تو بچے نمونیا اور ڈائریا جیسی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سندھ میں 50 فیصد بچوں کی اموات کا سبب نمونیا اور ڈائریا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے کلچر میں جو خوراک شامل ہیں ان سے دل کی بیماریاں بڑھتی جارہی ہے ہمیں ان کو کنٹرول کرنا ہوگا ۔

ہم نے قومی ادارہ برائے امراض قلب کو بھی لیاری اسپتال میں جگہ دی ہے۔ میں کوشش کرونگا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب 3 مہینے میں اپنا کام شروع کردے۔ چائلڈ لائف فانڈیشن کے تحت بننے والے وارڈ کے سی ای او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی شرح اموات زیادہ ہیں مجھے خوشی ہے کہ حکومت سندھ نے اسپتالوں میں این جی اوز کو خوش آمدید کیا ہے اس سے بہت تیزی سے بہتری آرہی ہے۔

اس موقع پر موجود لیاری جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اسلم پیچوہو نے کہا کہ لیاری اسپتال کو مزید اپ گریڈ کرنا ہے جب میں یہاں آیا تو اسپتال کے حالات بہت خراب تھے ابھی بھی اسپتال کی بلڈنگ بہت پرانی ہوچکی ہے بلڈنگ کو بھی آہستہ آہستہ ٹھیک کریں گے اور حکومت سندھ ہمیں اے ڈی پی کی بدولت 80 کروڑ مہیا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لیب میں سارے ٹیسٹ مفت کیے جائیں گے جس کی فیس حکومت سندھ ادا کرے گی