مخالفین نے سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر پروان چڑھایا، خوش اختر سبحانی

جمعہ 27 اپریل 2018 23:36

سیالکوٹ۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما و سابق صوبائی وزیر چودھری خوش اختر سبحانی نے کہا ہے کہ مخالفین کا گٹھ جوڑ ثابت ہو چکا ہے جو کہ کرسی کے حصول کے لئے ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہر دور میں عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں ۔ دھرنا گروپ نے عوام کی ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے کا ناقابل معافی جرم کیا ۔

عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالف یہ لوگ مسلم لیگ(ن) کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باشعور عوام منفی سیاست کے علمبرداروں کو آئندہ الیکشن میں کسی صورت ووٹ نہیں دیں گے ۔ مخالفین نے سیاست میں گالم گلوچ اور ناشائستگی کاکلچر پروان چڑھایا ۔ سندھ اور کے پی کے میں بد ترین کارکردگی دکھانے والے جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک خاص منصوبے کے تحت ہمارے لیگی قائدین کو نا اہل کیا گیا۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی نا اہلی کے بعد خواجہ محمد آصف کو نا اہل کیا گیا ہے اور خواجہ محمد آصف کی قیادت میں آج بھی سیالکوٹ مسلم لیگ(ن) کا قلعہ ہے ۔ خواجہ محمد آصف نے بہادری کے ساتھ قوم کی ترجمانی کی اور امید ہے کہ سپریم کورٹ سے خواجہ محمد آصف سرخرو ہوں گے ۔