پروین شاکر ٹرسٹ کے زیر اہتمام قومی شعرا کی یاد میں تقریب، وفاقی وزیر اطلاعات اور سید خورشید احمد شاہ سمیت دیگر اہم سیاسی رہنمائوں نے شرکت

یادیں پروگرام کاانعقاد

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:51

پروین شاکر ٹرسٹ کے زیر اہتمام قومی شعرا کی یاد میں تقریب، وفاقی وزیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) پروین شاکر ٹرسٹ کے زیر اہتمام پروگرام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی سمیت دیگر اہم سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی۔ پروگرام یادیں ہفتہ کو نیشنل لائبریری اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر بہترین کتابوں کے مصنفین کو نیشنل عکس خوشبو ایوارڈ فکشن/ شاعری برائے سال 2017ء دیئے گئے۔ پرویشن شاکر عکس خوشبو نیشنل ایوارڈ کریٹکس اپریسئیشن 2017ء اور نقد کیش پرائز سعید شارق کی کتاب ’’سایہ‘‘ کو دیا گیا۔ پروین شاعر عکس خوشبو ممبر چوائس نیشنل ایوارڈ ’’بیسٹ بک‘‘ برائے سال 2017ء اور نقد کیش پرائز صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والی ابھرتی ہوئی نوجوان شاعرہ جیا شاہ کے شعرے مجموعے ’’باب گل میں ہوا کا بیاں‘‘ کو دیا گیا۔

(جاری ہے)

پروین شاکر عکس خوشبو بیسٹ فکشن انگلش انٹرنیشنل ایوارڈ برائے 2017ء اور نقد کیش پرائز مبلغ ایک لاکھ روپے رضا ربانی کی کتاب ’’ان ویزیبل پیپل‘‘ کو دیا گیا۔ اس موقع پر میاں رضا ربانی نے ایک لاکھ روپے کا چیک واپس پروین شاکر ٹرسٹ کو عطیہ کر دیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے ماضی کے مشہور زمانہ کلام (جو کہ نامور گلوکاروں نے گائی) کے سروں کی مدھر لے میں ان کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میر تقی میر، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے حبیب جالب، رضا ربانی نے فیض احمد فیض، سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی نے احمد ندیم قاسمی، جسٹس ناصرہ جاوید اقبال نے علامہ اقبال کی یادوں کے چراغ جلائے۔ اس کے علاوہ سینیٹر مولا بخش چانڈیو، نرگس سیٹھی اور سلیم سیٹھی، حمیدہ شاہین، ڈاکٹر ضیاء الحسن، ڈاکٹر حامد عتیق سروس، آمنہ حسن، عابدہ ملک، ڈاکٹر سلیم ملک، حمیرہ مصطفیٰ، مصطفی قصوری، ڈاکٹر ثمینہ امین قادر، ڈاکٹر خرم قادر اور سعود حسنین قادر نے بھی اہم شعراء کے نام کے چراغ جلائے۔

پروگرام کے آخر میں الوداعی کلمات ادا کرتے ہوئے چیئرپرسن پروین شاکر ٹرسٹ پروین قادر آغا نے کہا کہ پروین شاکر ٹرسٹ سالہا سال سے اردو ادب کی ترقی و نشو و نما کے لئے کام کرتا ہوا آیا ہے۔ ٹرسٹ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ماضی کے نامور شعراء کے فن کو زندہ رکھا جائے اور ساتھ ساتھ نئے آنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ایسے مواقع فراہم کئے جائیں جن سے ان کی علمی و ادبی نشو و نما ہو سکے۔ پروگرام میں علم و ادب سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کے ساتھ ساتھ جڑواں شہروں سے کثیر عوامی تعداد نے شرکت کی۔