Live Updates

مسلم لیگ (ن) سند ھ کے انتخابات میں شاہ محمدشاہ صدر اورسینیٹر سلیم ضیاء جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے

دونوں کا انتخاب بلا مقابلہ عمل میں آیاجبکہ ایک گروپ نے لطیف آباد ہال اور پھر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا

اتوار 29 اپریل 2018 20:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) سند ھ کے انتخابات میں شاہ محمدشاہ صدر اورسینیٹر سلیم ضیاء جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے، دونوں کا انتخاب بلا مقابلہ عمل میں آیاجبکہ ایک گروپ نے لطیف آباد ہال اور پھر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اور جنرل سیکریٹری کے انتخاب کے لئے لطیف آباد نمبر 2 کے ایک ہال میں اتوار کو سندھ کونسل کے ارکان کا اجلاس منعقد ہوا ، صوبائی الیکشن اتھارٹی نے پنجاب کے صوبائی وزیر رانامشہود، کے پی کے سے ایم پی اے صالح محمدخان، میر امان اللہ تالپور، غلام مصطفی ایڈووکیٹ اور احسان احمد سومرو شامل تھے، پریس کلب میں پریس کانفرنس میں انتخابی نتائج کا اعلان کیا گیا۔

(جاری ہے)

سندھ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہال کے سامنے مختلف علاقوں کے کارکنوں نے احتجاج کیا جو میاں نوازشریف، شہباز شریف، مریم نوازشریف کی تصاویر اور لوٹے اٹھائے ہوئے تھے، پولیس اور احتجاج کرنے والے کارکنوں کے درمیان کئی گھنٹے تک آنکھ مچولی جاری رہی اور ایک موقع پر انہیں ہال میں جانے سے روکنے کے لئے لاٹھی چارج بھی کیا گیا، گرمی کی شدت کی وجہ سے ایک کارکن بے ہوش بھی ہو گیا، انہوں نے الزام لگایا کہ سندھ کونسل کے مخالف ممبران کو ہال میں داخل نہیں ہونے دیاگیا تا کہ شاہ محمد شاہ کوبلامقابلہ منتخب کیا جا سکے، چند درجن افراد ووٹ اور کارکنوں کو عزت دو، ظلم نامنظور، شاہ محمد شاہ نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے، یہ احتجاج کرنے والے کارکن بعد میں پریس کلب بھی پہنچ گئے رانا مشہود اور شاہ محمد شاہ پریس کانفرنس کرنے کے لئے آئے تھے، انہوں نے یہاں بھی نعرے بازی کی اور جب وہ جانے لگے تو کچھ نے ان کی گاڑی روک لی اور نعرے بازی کرتے رہے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات