کل جماعتی حریت کانفرنس کی سید علی گیلانی اور دیگر رہنمائوں پر پابندیوں کی مذمت

جموں میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ایک اور خاتون کو اغوا کے بعد آبروریزی کا نشانہ بنایا

اتوار 29 اپریل 2018 20:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں کی نقل وحرکت پر پابندیوں کیلئے کٹھ پتلی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے سرینگر میںجاری ایک بیان میں سوال اٹھا یا گیا کہ قابض انتظامیہ کی اس نام نہاد یقین دہانی کا کیا بنا جس میں کہا گیا تھا کہ حریت کانفرنس کے علیل چیئرمین سید علی گیلانی کو کہیں بھی آنے جانے کی کھلی آزادی حاصل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سید علی گیلانی کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اور انہیں مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنے کا کوئی آئینی واخلاقی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

بیان میںبھارتی شہروں میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کومحض کشمیری ہونے کی بنا پر ہراساں کیے جانے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم( اے پی ڈی پی )نے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لیے پریس کالونی سرینگر میں پر امن احتجاجی دھرنا دیا۔

تنظیم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں دریافت ہونے والی گمنام اجتماعی قبروں کی تحقیقات کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں کی طرف سے ایک ٹیکسی ڈائیور کی مارپیٹ کیخلاف لوگوں نے ضلع اسلام آباد کے علاقے لازی بل میں کھنہ بل پہلگام سڑک پر دھرنا دیا ۔ فوجیوںکی مارپیٹ سے ایک خاتون اور اسکا بچہ بھی زخمی ہواتھا۔

نامعلوم مسلح افراد نے آج ضلع شوپیاں کے علاقے زینہ پورہ میں بھارتی فوج کے ایک قافلے پر حملہ کیا۔ بھارتی فوج کے ایک افسر نے دعویٰ کیا کہ34راشٹریہ رائفلز سے وابستہ قافلے پر یہ حملہ مجاہدین نے کیا ۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک طالب علم کی شہادت پر آج ضلع شوپیاں میں مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال کی گئی۔ بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے جموں میں ایک 24سالہ خاتون کو اغوا کے بعد اپنے کیمپ میں لے جا کر آبروریزی کا نشانہ بنایا۔

پونچھ کے علاقے منڈی سے تعلق رکھنے والی خاتون نے تھانے میںتحریری شکایت درج کراتے ہوئے کہاکہ سی آر پی ایف اہلکاروں کا ایک گروپ اسے اغوا کر کے کیمپ میں لے گیا جہاں ایک اہلکار نے اس کی آبرو ریزی کی۔ خاتون نے کہاکہ مجرم اہلکار نے واقعے کی ویڈیو فلم بنائی اور اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے واقعے کے بارے میں پولیس کو بتایا تووہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردے گا۔ بھارتی حکومت کے ایک افسر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اسلام آباد حلقے میں لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں اس لیے اگلے سال اپریل میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد تک یہاں ضمنی انتخابات نہیں کرائے جا سکتے ۔