سندھ میں لاقانونیت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں،مولانا راشد محمودسومرو

عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل بھر پور حصہ لے گی اور عوام کے دیرینہ مسائل کو حل کرے گی ،مدرسہ قاسمیہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب

پیر 30 اپریل 2018 18:51

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صوبائی امیر مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ میں لاقانونیت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں ، آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل بھر پور حصہ لے گی اور عوام کے جو بھی درینہ مسائل ہے اسے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی، یہ بات انہوں نے ٹنڈو محمد خان میں مدرسہ قاسمیہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ میں بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، لیکن سندھ حکومت اس پر کوئی بھی توجہ نہیں دے رہی ہے، سندھ میں پانی قلت کے باعث سندھ کی زرعی معیشیت زراعت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور آبادگاروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، سندھ کے حکمرانوں اور وڈیروں نے سندھ کو کنگال کر دیا ہے، اور اب عوام باشعور ہو چکی ہے، ان کے جھوٹے نعروں کے چکر میں نہیں آئے گی،شہید ذوالفقار علی بھٹو کا جو نعرہ تھا روٹی کپڑا اورمکان اس سے پی پی والے ہٹ گئے ہیں، اور غریبوں کو حقوق دینے کے بجائے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، اس موقع پر ضلع ٹنڈو محمد خان کے لئے متحدہ مجلس عمل کی باڈی تشکیل دی گئی جس کے لئے صدر مولانا ابراہیم سومرو، جنرل سیکریٹری بشیر احمد مزاری، اور دیگر عہدیداروں کو منتخب کیا گیا، اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری سندھ اسلم غوری، حافظ نصراللہ چنہ، مجاہد چنہ، مولانا سید منظور شاہ، ذیشان سومرو ، نسیم اختر، ڈاکٹر عبدالعزیز گدی پٹھان اور دیگر بھی موجود تھے۔