وفاقی بجٹ نے عوام کو شدیدمایوس کیا ہے ،ریلیف دینے کی بجائے غریب عوام پر ٹیکسوں کامزید بوجھ لاد دیا گیا ہے‘میاں مقصود احمد

سینکڑوں اشیاء پر ٹیکس بڑھانے سے ملک میں مہنگائی کاسونامی آئے گااور عوامی مشکلات میں مزیداضافہ ہوجائے گا‘اجلاس سے خطاب

پیر 30 اپریل 2018 22:48

وفاقی بجٹ نے عوام کو شدیدمایوس کیا ہے ،ریلیف دینے کی بجائے غریب عوام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدنے کہاہے کہ وفاقی بجٹ نے عوام کو مایوسی کے سواکچھ نہیں دیا۔بجٹ عوام دشمن ہے، اس میں غریبوںکامعاشی قتل کیاگیا ہے۔بجٹ میں غریب عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف نہیں دیاگیا۔ ریلیف دینے کی بجائے غریب عوام پر ٹیکسوں کامزید بوجھ لاددیاگیا ہے۔

حکمران غریبوں کاخون نچوڑرہے ہیںاور ملک سے غربت کی بجائے غریب مکائوپالیسی کواختیارکررکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت جاتے جاتے اپنے آخری بجٹ میں بھی عوام کو ریلیف نہیںدے سکی۔ سینکڑوں اشیاء پر ٹیکس بڑھانے سے ملک میں مہنگائی کاسونامی آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،کرپشن اور اقرباپروری جیسے مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔

حکمرانوں نے بجٹ سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لاتعداد وعدے کیے تھے مگرصدافسوس دوسرے وعدوں اور دعوئوں کی طرح یہ دعوے بھی کھوکھلے اور جھوٹے ثابت ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے اگر کمی ہے تو صرف اور صرف دیانتدار قیادت کی۔موجودہ حکمرانوں کے عاقبت اندیش فیصلوں کی بدولت پاکستان مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام2018کے انتخابات میں مفاد پرستانہ ٹولے کو مسترد کرتے ہوئے ایم ایم اے کی محب وطن قیادت کو منتخب کریں۔دینی جماعتوں کااتحاد ہی پاکستان کے عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلاسکتا ہے۔ملک وقوم اس وقت مسائل کے گرداب میں پھنسے ہیں۔انہوں نے کہاکہ13مئی کوایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے مینار پاکستان پر عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جو کہ پاکستان کی سیاست کا رخ موڑدے گا۔

پاکستان کی88فیصد نوجوان ملک میں شریعت کانفاذ چاہتے ہیں۔ان شا ء اللہ وہ وقت دور نہیں جب اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اللہ اور اس کے رسولؐ کے نام لیوا برسراقتدار آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام لٹیرے،کرپٹ،چور،خائن اور امریکی ڈکٹیشن لینے والے حکمرانوں کو مسترد کردیں اور اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والی قیادت کو کامیاب کرائیں۔