چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کراچی کے مسائل کے حل کا جائزہ

پیر 30 اپریل 2018 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سندھ سوالد ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ،بلدیہ عظمیٰ کراچی ،کراچی واٹر سیوریج بورڈ اور دیگر اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمشنر ،ڈپٹی کمشنر ز کے ساتھ روابط فروغ دے کر کراچی شہر کے سنگین مسائل کے حل کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

اجلاس میں چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ سندھ محمد وسیم ،سیکریٹری ٹاسک فورس ،چیئر مین سندھ سروسز اکیڈمی آصف حیدر شاہ ،سیکریٹری ٹرانسپورٹ سعید اعوان ،ایم ڈی سندھ سوالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طلحہٰ فاروقی ،ڈی جی SBCAآغا مقصود عباسی ،کمشنر کراچی اعجاز احمد خان ،ایم ڈی KWSBخالد شیخ ،ڈپٹی کمشنر ز اور میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی گئی کہ وہ الرٹ رہیں اور ٹریفک جام ،سڑکوں اور فٹپاتھوں سے تجاوزات کے خاتمے اور ملبہ وکوڑا کرکٹ کی صفائی کے لئے موثر اقدامات عمل میں لائیں اور متعلقہ اداروں سے خدمات کی فراہمی عمل میں لاکر جمعہ 4مئی 2018تک مسائل کا حل یقینی بنائیں ۔چیف سیکریٹری نے واضح کیا کہ ضلع جنوبی میں عدالتوں ،میڈیا دفاتر اور دیگر اہم اداروں کی موجودگی کے پیش نظر یہاں عوام الناس اور ٹریفک کا بہائو زیادہ رہتا ہے اس لئے دپٹی کمشنر جنوبی ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے برساتی نالوں سمیت فٹپاتھوں ،سڑکوں ،پارکس اور مساجد کے اطراف سے کوڑا کرکٹ ملبہ اور تجاوزات سمیت غلاظتیں بھی صاف کی جائیں ۔

اجلاس میں شب برات کے پیش نظر مساجد اور قبرستانوں کے اطراف صفائی ،روشنی اور فراہمی ونکاسی آب کے اقدامات یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔