تھر پارکر اور دیگر دور دراز علاقوں میں بچوں کی صحت کی خدمات کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

چائلڈ فائونڈیشن کو مختلف ضلعی اسپتالوں اور ٹیچنگ اسپتالوں میں بہت جلد وارڈ یا خصوصی جگہ دے دی جائے گی، سید مراد علی شاہ

پیر 30 اپریل 2018 23:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ بالخصوص تھر پارکر اور دیگر دور دراز علاقوں میں بچوں کی صحت کی خدمات کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیرکو وزیر اعلی ہائوس میں چائلڈ فائونڈیشن کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ انہوں نے ہر ایک ٹیچنگ اسپتال ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ، تعلقہ ہیڈ کوارٹر اسپتال اور بنیادی صحت کے یونٹس میں بچوں کے لیے صحت کی بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے ایک واضح پلان دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چائلڈ فائونڈیشن کے ساتھ شراکت داری کے تحت کام کرنے کامحرک تھا ۔وزیر اعلی سندھ نے بتایا کہ چائلڈ فائونڈیشن کو مختلف ضلعی اسپتالوں اور ٹیچنگ اسپتالوں میں بہت جلد وارڈ یا خصوصی جگہ دے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر آباد میں 18 مئی سے اور جام شورو میں 18 جون سے اور سکھر میں 18 دسمبر سے چائلڈ فائونڈیشن وارڈ آپریٹ کریں گے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ انہیں تھر کے بچوں کی بہت فکر ہے جہاں پر بچوں کو ابھی بھی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چائلڈ فائونڈیشن کو ہدایت کی کہ وہ مٹھی سول اسپتال میں اپنی پروفیشنل ٹیم بھیجیں اور وہاں موجود تمام سہولیات کا معائنہ کریں اور ایک ہفتے کے اندر انہیں رپورٹ دیں کہ وہاں پر سہولیات میں کوئی کمی تو نہیں ہے تاکہ اگر کوئی کمی ہے تو اس کا فوری طورپر تدارک کیاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سول اسپتال مٹھی کو تمام تر جدید سہولیات اور آلات سے آراستہ کیاہوا ہے مگر ابھی بھی وہاں پر بچوں کی شرح اموات کی رپورٹس ہیں جو کہ میرے لیے باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ مٹھی اسپتال میں موجود سہولیات کا مکمل طریقے سے سروے کریں اور اس کے بعد مجھے رپورٹ دیں تاکہ چائلڈ فائونڈیشن کے ساتھ شراکت کے تحت انہیں اپ گریڈ کیاجاسکے۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی کہاکہ ٹیچنگ اسپتالوں اور ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو میں فارمیسی کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام سرکاری اسپتالوں اور صحت کی سہولیات کا کمپیوٹرائز ریکارڈ چاہتا ہوں تاکہ انہیں مناسب طریقے سے چیک کیا جاسکے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مناسب طریقے سے ادویات دی جاتی ہیں مگر صحت کی خدمات ان سرکاری اسپتالوں میں جہاں پر نجی شعبہ حکومت کے ساتھ شراکت داری کے تحت کام کررہاہے نسبتا بہتر ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو خصوصی توجہ دی ہے اور اس کی خدمات ،آلات کو بہتر بنایا جارہا ہے اور صوبہ بھر میں اس کے سیٹلائیٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :