نواز شریف کی محنت اور وژن سے ملک ترقی کررہا ہے‘ وزیراعظم

منگل 1 مئی 2018 16:25

نواز شریف کی محنت اور وژن سے ملک ترقی کررہا ہے‘ وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ عالمی معیار کا ہوائی اڈہ ہے‘ موجودہ دور میں فضائی سفر ضرورت بن گیا ہے‘ لاہور ایئرپورٹ کی توسیع رواں ماہ شروع ہوجائے گی‘ ملک میں ترقی جمہوریت کی بدولت ہوتی ہے‘ پارلیمنٹ سپریم ہوگی تو ترقی ہوگی‘ نواز شریف کی محنت اور وژن سے ملک ترقی کررہا ہے‘ نواز شریف کے منصوبوں کی 65سال میں نظیر نہیں ملتی ماضی کی رکاوٹیں دور کرکے منصوبہ مکمل کردکھایا۔

منگل کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ یہ منصوبہ سالہاسال سے تاخیر کا شکار تھا نیو ایئرپورٹ عالمی معیار کا ہوائی اڈہ ہ ے یہ منصوبہ اقتصادی ترقی کے لئے گیٹ وے ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

ہوائی اڈہ گزشتہ پانچ سال کی کارکردگی کی مثال ہے موجودہ دور میں فضائی سفر ضرورت بن گیا ہے۔

گوادر ایئرپورٹ بھی اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ہم نے منصوبے شروع کئے پھر انہیں مکمل بھی کیا۔ لاہور ایئرپورٹ کی توسیع رواں ماہ شروع ہوجائے گی۔ ملتان‘ فیصل آباد میں ایئرپورٹ کے منصوبے مکمل کئے ملک میں ہزاروں کلومیٹر شاہرائیں بن رہی ہیں پشاور تا کراچی ہائی ویز منصوبے مکمل ہورہے ہیں ہم نے دس ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی نظام میں شامل کی۔

گیس کی طلب اور رسد کا فرق مٹایا۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار چیلنجز میں حکومت کرنا آسان کام نہیں حکومتی اقدامات پر تنقید کرنا بہت آسان بات ہے ہم ماضی میں ترقی اس وجہ سے نہ کرسکے کیوں کہ ہم جمہوریت کے سفر سے ہٹ گئے کبھی بھی کسی ملک میں جمہوریت کے بغیر ترقی نہیں ہوسکتی۔ پاکستان صرف جمہوریت کے ہونے سے ہی ترقی کرسکے گا۔ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہوگی تب ملک ترقی کرے گا۔

آج نواز شریف کی محنت کی وجہ سے یہ ایئرپورٹ مکمل ہورہا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت چھ فیصد گروتھ پاکستان کو دے کر جارہی ہے۔ یہ صرف گروتھ نہیں بلکہ نواز شریف نے وہ منصوبے مکمل کرکے دکھائے ہیں جس کی 65سال میں مثال نہیں ملتی۔ معیشت کی ترقی پچھلے پانچ سال میں جتنی ہوئی اتنی پاکستان کی تاریخ میں نظر نہیں آتی۔ مسلم لیگ (ن) تنقید کرنے والوںکو ترقی کے وہ کام کرکے دکھائے گی جس کی مثال 65 سال میں نہیں ملے گی۔

2013 میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام نشان بھی نہیں تھا پاکستان مسلم لیگ (ن) آج ترقی میں اپنے ریکارڈ پر کھڑی ہے۔ نواز شریف صاحب نے ایئرپورٹ کی سہولیات کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کا بھی وژن دیا ہماری کوشش ہے کہ ہم پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریں دنیا میں کوئی ایسا بڑا ایئرپورٹ نہیں ہے جس میں عام پبلک ٹرانسپورٹ کا انتظام موجود نہ ہو مجھے امید ہے اس ایئرپورٹ پر مزید ایئرلائنز بھی آئیں گی۔