نیب نے سندھ میں زیر کار انکوائریوں، تحقیقات اور ریفرنسز کی تفصیلات جاری کر دیں

جمعرات 3 مئی 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ میں زیر کار انکوائریوں، تحقیقات اور ریفرنسز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ جمعرات کو نیب کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ وزیراعلی سندھ تحقیقات کے سلسلے میں نیب کے سامنے پیش ہوئے۔ سندھ اسمبلی کے سپیکر کے خلاف کمپلینٹ ویری فکیشن زیر کار ہے، اس کے علاوہ سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے خلاف ٹرائل ہو رہا ہے۔

نیب کے مطابق سیکرٹری صحت سندھ فضل پیچوہو، سیکرٹری انفارمیشن ذوالفقار شلوانی، سابق چیف سیکرٹری صدیق میمن کے خلاف ٹرائل زیر کار ہے، اس کے علاوہ سابق ڈی جی ایس سی بی اے منظور قادر کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن شاہزار شمعون کے خلاف ٹرائل ہو رہا ہے۔ سابق میئر کراچی مصطفی کمال اراضی الاٹمنٹ کیس میں نیب کراچی کے سامنے پیش ہوئے۔

وزیر قانون سندھ ضیاء لانجر کے خلاف انکوائری زیر کار ہے۔ اس کے علاوہ پیر پگارا پیر صبغت اللہ راشدی کے خلاف کمپلینٹ ویری فکیشن زیر کار ہے۔ اس کے علاوہ کے الیکٹرک کے خلاف کمپیلینٹ ویری فکیشن زیر کار ہے۔ پی آئی اے کے سابق جرمن چیف ایگزیکٹو آفیسر کے خلاف انکوائری زیر کار ہے۔ سابق چیئرمین پاکستان سٹیل ملز معین آفتاب کے خلاف ٹرائل ہو رہا ہے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے پی ایس کے گھر سے گزشتہ ماہ 3 کروڑ 15 لاکھ روپے بازیاب کئے گئے۔ نیب کے مطابق سابق ایم ڈی فشریز نثار مورائی کے خلاف اور اقبال زیڈ ابمد کے خلاف انکوائری ہو رہی ہے۔ رکن قومی اسمبلی نواب علی وسان کے خلاف کمپلینٹ ویری فکیشن ہو رہی ہے۔ سابق ایم ڈی ایس ایس جی سی ایل عظیم اقبال کے خلاف تحقیقات، سابق ایم ڈی ایس بی سی اے ناصر عباس کے خلاف تحقیقات، وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی نذیر سومرو، سابق گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان اشرف وتھرا، سابق کمشنر کراچی قاضی مصطفی جمال، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق، شیل پاکستان کے یاسر آفندی، سابق ایڈوائزر شرمیلا فاروقی، ڈائریکٹر فتح ٹیکسٹائل ملز گوہر اللہ، عرفان پوری انڈسٹریز کے عرفان پوری کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔

اس کے علاوہ سابق وزیر رئوف صدیقی، سابق صدر نیشنل بنک علی رضا، ایم ڈی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آغا مسعود عباس، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایزگارڈ نائن احمد ہمایوں شیخ کے خلاف کمپلینٹ ویری فکیشن ہو رہی ہیں۔ سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی ڈی سی خالد چڈا کے خلاف ریفرنس جبکہ سابق ڈی آئی جی لاڑکانہ رکھیو میرانی، ایم ڈی پورٹ قاسم اتھارٹی عبدالستار دڑوکے خلاف انکوائری جبکہ سابق چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم، عبداللہ یوسف، سلمان صدیقی اور سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایاز خان نیازی کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔