مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف (کل)ایک مرتبہ پھرسندھ کا دورہ کریں گے

نواب شاہ‘ مٹیاری‘ میرپور خاص میں جلسوں ‘ہالا میں(ن) لیگ کے کنونشن سے خطاب اور آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کرینگے

جمعہ 4 مئی 2018 13:30

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی کونسل کے رٴْکن جمال عارف سہروردی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدراوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف 6مئی سے ایک مرتبہ پھرسندھ کا دورہ کریں گے۔ وہ ضلع مٹیاری میں ہالا کے نزدیک گاؤں بھانوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے کنونشن سے خطاب اور آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریںگے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نواب شاہ ،مٹیاری ،میرپور خاص میں جلسوں سے خطاب کریں گے‘ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا دورہ حیدرآباد سمیت اندرون سندھ امن ومحبت ، خوشحالی کا پیغام ثابت ہوگا۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر صوبے کے عوا م کو 10سال سے سندھ پر مسلط پیپلزپارٹی کی نااہل حکومت کو 2018ء کے عام انتخابات میں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے سندھ کے سیلاب زدگان کی بھرپور امداد کی اور اس وقت نواز شریف کے خصوصی نمائندے رانا مشہود نے سیلاب زدگان کے ساتھ عید منائی۔