چیئرمین سینیٹ نے خارجہ اور داخلہ امور کی وزارتوں سے شکیل آفریدی کی منتقلی اور رہا کرانے کی خبروں کے معاملہ پر وضاحت طلب کرلی

جمعہ 4 مئی 2018 15:17

چیئرمین سینیٹ نے خارجہ اور داخلہ امور کی وزارتوں سے شکیل آفریدی کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) چیئرمین سینیٹ سینیٹر صادق سنجرانی نے خارجہ اور داخلہ امور کی وزارتوں سے شکیل آفریدی کی منتقلی اور جیل توڑ کر اسے رہا کرانے کی خبروں کے معاملہ پر وضاحت طلب کرلی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ کافی دنوں سے شکیل آفریدی کی منتقلی کے حوالے سے خبریں آ رہی ہیں کہ اسے کسی خفیہ جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

جیل توڑ کر اسے رہا کرانے کی کوشش کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ کل دفتر خارجہ نے بھی اس حوالے سے بیان دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پیر کو وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ جو اگرچہ اس وقت موجود نہیں ہیں، ایوان میں اس صورتحال کی وضاحت کے لئے آئیں۔ چیئرمین نے خارجہ امور اور داخلہ کی وزارتوں کو پیر کو اس معاملے پر وضاحت دینے کی ہدایت کر دی۔