ْملکی اداروں کو تباہی پر پہنچانے والی (ن) لیگ کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی‘عزیز الرحمن چن

جمعہ 4 مئی 2018 16:19

ْملکی اداروں کو تباہی پر پہنچانے والی (ن) لیگ کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی‘عزیز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ ملکی اداروں کو تباہی پر پہنچانے والی مسلم لیگ (ن) کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، آئندہ عام انتخابات میں عوام ن لیگی سیاست کو دفن کر دیں گے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگی حکومت نے اداروں کو تباہی کے دھانے تک پہنچا دیا ہے اور ملکی اداروں کو کمزور کر کے نااہل وزرا کی فوج میاں نواز شریف کو بھی لے ڈوبی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ امن و ترقی کے لئے جمہوریت کے استحکام کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ جمہوریت کا تسلسل ہی عوام کو حکمرانی اور ملک کو زیادہ بہتر قیادت کے انتخاب کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس عمل سے عوام کو ان کے تمام وہ حقوق ملتے ہیں جن کی فراہمی کے لئے آج ہماری عدالت عظمیٰ کو از خود نوٹس لینا پڑ رہے ہیں اور اس سے بظاہر ثابت ہو چکا ہے کہ ن لیگی حکومت اپنے سسٹم کو چلانے میں ناکام ہو گئی ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ کرپشن، اقربا پروری ، ذاتی مفادات اور ظلم و استحصال کی وجہ سے ن لیگی حکومت اپنا وقار کھو بیٹھی ہے۔