مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس نے ظفر اکبر کو شوپیاں کی طر ف مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گرفتار کر لیا

جمعہ 4 مئی 2018 16:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ کو شوپیاں کی طرف مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے سرینگر میں گرفتار کرلیا ۔ کشمیرمیڈیاسرس کے مطابق ظفراکبر بٹ بھارتی فورسز کے ہاتھوں شوپیاں میں کشمیری نوجوانوں کے حالیہ قتل کے خلاف احتجاج اور شہید نوجوان عمر کمہارکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مارچ کی صورت میں ضلع شوپیاں جانا چاہتے تھے ۔

(جاری ہے)

ظفر اکبر بٹ سرینگر میں گھر میں اپنی نظر بندی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مارچ کی قیادت کے لیے جونہی گھر سے باہرآئے تو مرکزی دروازے کے باہر تعینات بھارتی پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ دریں اثنا سالویشن موومنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں ظفر اکبر بٹ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتقامی کارروائی قرار دیا۔انہوں نے رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں سالویشن موومنٹ کے کارکنوں کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہوئے ظفر اکبر بٹ سمیت تمام گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔